الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پرملکی اورغیرملکی مبصرین کیلئے سکیورٹی کلیئرنس کو لازمی قرار دیدیا

عالمی مبصرین کی سکیورٹی کلیئرنس کے حوالے سے دفتر خارجہ کو خط لکھ دیا گیا،نئے طریق کارکے مطابق مبصرین اپنے کوائف جمع کرانے کے پابند ہونگے

جمعہ 13 نومبر 2015 19:44

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پرملکی اورغیرملکی مبصرین کے لئے سکیورٹی کلیئرنس کولازمی قراردے دیاجبکہ الیکشن کمیشن نے عالمی مبصرین کی سکیورٹی کلیئرنس کے حوالے سے دفتر خارجہ کو خط لکھ دیا۔ ذرائع کے مطابق لیکشن کمیشن کی جانب سے وضع کئے گئے نئے طریق کارکے مطابق مبصرین اپنے کوائف جمع کرانے کے پابند ہونگے۔

(جاری ہے)

ای سی پی کی وضع کردہ طریقے کے تحت کوائف میں نام،ولدیت،شناختی کارڈ،رابطہ نمبر اور ای میل سے متعلق معلومات فراہم کرنا ضروری ہونگی اور ملکی مبصرین اداروں کے سربراہان کی جانب سے بیان حلفی جمع کرائینگے۔ جس میں مبصر کی غیر جانبداری، کالعدم تنظیموں سے لاتعلقی کی یقین دہانی کرائی جائے گی۔اس کے علاوپ مبصرین پریذائیڈنگ افسروں سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کارڈ پر دستخط لیں گے۔ تمام مبصرین انتخاب کا عمل مکمل ہونے کے بعد یہ کارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کے پابند ہونگے۔