Live Updates

بلاول ’’بے بی‘‘ ہے،والدہ کی تصویر لگا کر سیاست نہیں ہوتی،بے بی بلاول سن لو، اب نیا پاکستان بن گیا ہے ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی اندر سے ملے ہوئے ہیں، سندھ میں شہیدوں کے نام پر سیاست کی جاتی ہے، وڈیرے پولیس کے ذریعے لوگوں کو غلام بناتے ہیں

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا ماتلی میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں جلسے سے خطاب

جمعہ 13 نومبر 2015 20:21

ماتلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بلاول بھٹو زرداری کو ’’بے بی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ والدہ کی تصویر لگا کر سیاست نہیں ہوتی، بے بی بلاول سن لو، اب نیا پاکستان بن گیا ہے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی اندر سے ملے ہوئے ہیں، سندھ میں شہیدوں کے نام پر سیاست کی جاتی ہے، وڈیرے پولیس کے ذریعے لوگوں کو غلام بناتے ہیں۔

وہ جمعہ کو ماتلی میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ سندھ کے وڈیروں نے دبئی اور لندن میں محل بنا لئے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں اوپر سے اختلافات ہیں اور اندر سے ملے ہوئے ہیں، سندھ کے یہ بڑے سیاستدان اپنے بچوں کا علاج ماتلی کے ہسپتال سے نہیں کروائیں گے اس لئے یہ یہاں کے ہسپتالوں پر توجہ نہیں دیتے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ جتنی غربت اندرون سندھ میں ہے اتنی کہیں بھی نہیں دیکھی، یہاں پر وڈیروں نے پولیس کے ذریعے لوگوں کو غلام بنا رکھا ہے، یہاں ظلم کا مقابلہ کرنے اور آپ لوگوں کو حوصلہ دینے آیا ہوں، عوام کو خوف کے بت کی پوجا نہیں کرنی چاہیے۔ عمران خان نے کہا کہ گیدڑ بار بار اور شیر ایک بار مرتا ہے، بلدیاتی انتخابات میں آپ کو ڈرایا جائے گا لیکن آپ نے خوف کا بت توڑنا ہے، یہاں سب ظالم اکٹھے ہیں اور مظلوموں کو تقسیم کر رکھا ہے، اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لینے کا وقت آ گیا ہے، ماتلی کے لوگوں میں تبدیلی آ گئی ہے، جلسے میں خواتین کی شرکت پر خوشی ہوئی ہے، بچے بھی جانتے ہیں کہ ان کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔

عمران خان نے بلاول بھٹو زرداری کو ’’بے بی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ والدہ کی تصویر لگا کر سیاست کی جا رہی ہے، بلاول بیٹا ایسے سیاست نہیں کی جاتی، اب نیا پاکستان بن گیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات