شہداء کشمیر کا مقدس لہو رنگ لا رہا ہے آج کشمیر ایشو دنیا کا فلش پوائنٹ بن چکا ہے،چوہدری عبدالمجید

برطانیہ میں تارکین وطن نے مودی مخالف مظاہرہ کرکے عالمی دہشت گردبھارت کا اصل روپ مہذب دنیا کو دکھا د یا ہے، وزیر اعظم آزادکشمیر

جمعہ 13 نومبر 2015 21:38

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 نومبر۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ شہداء کشمیر کا مقدس لہو رنگ لا رہا ہے آج کشمیر ایشو دنیا کا فلش پوائنٹ بن چکا ہے۔وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کشمیر ایشو کے حوالے سے جو جرات مندانہ موقف اپنایا اس سے کشمیریوں کی تحریک کو نیا جوش وولولہ ملا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کی گرفتاریوں، کرفیو کے نفاذ اور ریاستی دہشت گردی ،کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کرتے ہوئے آزادی پسند دنیا سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کشمیریوں کی منظم نسل کشی بندکرائے اور بھارت کو برصغیر کا امن برباد کرنے سے باز رکھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارت کے قابض وغاصب جنونی حکمران بین الاقوامی دنیا میں بے نقاب ہورہے ہیں اور اقوام عالم پر واضح ہورہا ہے کہ بھارت نے کشمیر پر غیر قانونی اور جابرانہ تسلط کو دوام دینے کے لیے کشمیریوں کی منظم نسل کشی شروع کررکھی ہے آٹھ لاکھ پیراملٹری فورسز ،کالے قوانین اور یاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق غصب کررکھے ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی انسانیت کا قاتل ہے اور یہ انسانیت کے علمبرداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آج برطانیہ میں تارکین وطن سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اینٹی مودی مظاہرہ کرکے بین الاقوامی دہشت گردبھارت کا اصل روپ مہذب دنیا کو دکھا دیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آج مقبوضہ کشمیر میں بھی ریاستی عوام بھارتی حکمرانوں کی دہشت گردی کے خلاف شٹر ڈاؤن اور مظاہرے کررہے ہیں ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ شریک ہیں تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت شہداء کی امانت ہے شہدا ء کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے دریں اثنا بلوچ میں پارٹی ورکروں اور مختلف سیاسی وسماجی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پیپلزپارٹی اس ریجن کا ایسا پولیٹیکل انسٹیٹیوٹ ہے جس کی لیڈر شپ کے ویژن سے اقوام عالم نے استفادہ حاصل کیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کے نظریات و افکار اور ویژن کو اجاگر کرتے ہوئے ایسے روڈ میپ پر سفر شروع کررکھا ہے جس سے دور دراز علاقوں کے پسماندہ عوام بھی شہرجیسی سہولتوں سے مستفید ہوں گے۔ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی لیڈر شپ کے ویژن کو فروغ دیا جارہا ہے پیپلزپارٹی عقیدے ونظریے اور عوامی قوت کا نام ہے ۔

آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے استحصالی کلچر کو ختم کیا علاقائی،قبیلائی اور برادری ازم کے نیٹ ورک کو ختم کیا اور آزادکشمیر کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے میگا پراجیکٹس دیئے۔جبکہ ماضی کے حکمرانوں نے آزادکشمیر کے عوام کو علاقائی وقبیلائی زنجیروں میں جکڑے رکھا اور آزادکشمیر کو کھنڈرات میں بدل دیا گیا ۔پیپلزپارٹی کی حکومت نے عوامی ترقی وخوشحالی کے لیے جو اقدامات کیے وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔

تاریخ کو کوئی ختم نہیں کرسکتا۔ پیپلزپارٹی کے میگا پراجیکٹس سیاسی سوداگروں کو ہضم نہیں ہورہے انہوں نے حکومت پر الزام تراشی کو اپنا فیشن بنا لیا ہے۔پیپلزپارٹی کی حکومت ان بے بنیاد الزام تراشیوں کو عوامی خوشحالی کے راستے کی رکاوٹ نہیں بننے دے گی۔وزیر تعلیم میاں عبدالوحید،سینئر مشیر چوہدری محمد ریاض، سابق وزیر سردار محمد حسین ایڈووکیٹ،سردار فہیم ربانی، وزیراعظم کے میڈیا ایڈوائزر سید عزا دار حسین شاہ، پولیٹیکل سیکرٹری عامر ذیشان جرال،شوکت جاوید میر،سردار شاہجان ربانی، سردار رئیس انقلابی، سردار ظفر محمود ایڈووکیٹ،ملک امیر حسین ،رائے محمد اکرم خان ،سردار محمد عارف خان ایڈووکیٹ، سردار محمد اشرف خان، ڈاکٹر ارشاد قمر،قیوم قریشی،سردار فاروق خان، ملک محمد شریف،عباس خان،سردار نذیر خان،عنایت الله عارف اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی لیڈر شپ ویژن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے جو اقدامات کیے وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام کی معاشی ترقی وخوشحالی ہماری سیاست کا محور ومرکز ہے ہم مشنری جذبے سے عوام کی خدمت کررہے ہیں 2016کے انتخابات میں پیپلزپارٹی ہی عوامی عدالت سے سرخرو ہوگی 2016کے انتخابات میں کلین سویپ کر کے عوامی ترقی وخوشحالی کے ایجنڈے پر کام جاری رکھیں گے اور آزادکشمیر کے عوام کا مقدر سنوار دیں گے اور آزادکشمیر کو مکمل خوشحال معاشرے میں بدل دیں گے#۔۔۔۔۔۔۔۔۔راٹھور