پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں ویب سائیٹس کے ذریعے معلومات کی فعال فراہمی کے عنوان سے ورکشاپ کا انعقاد

جمعہ 13 نومبر 2015 22:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب ریسورس مینجمنٹ پروگرام کے زیر اہتمام گذشتہ روز ویب سائیٹس کے ذریعے معلومات کی فعال فراہمی کے عنوان سے ایک ورکشاپ پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں منعقد کی گئی ۔ منعقدہ ورکشاپ میں صوبائی محکمہ جات کے سینئر متعلقہ افسران سمیت فوکل پرسنز ، پبلک انفارمیشن افسران اور پنجاب ریسورس مینجمنٹ پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹرز علی جلال ، سحر انیس ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز حسن طارق اور حمیر انور شریک ہوئے۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انفارمیشن کمشنر، پنجاب انفارمیشن کمیشن مختار احمد علی نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری محکموں کی ویب سائیٹس کے ذریعے سے شہریوں کے لیے مفید معلومات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے ۔

(جاری ہے)

اور اس ضمن میں محکموں کو تکنیکی مدد بھی فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں حکومتی محکموں کی ویب سائیٹس کی بحالی اور اس کو جدید بنانے کے حوالے سے حکومت پنجاب کی کاوشوں کا بھی ذکر کیا ۔

ورکشاپ کے شرکاء سے ڈپٹی پروگرام ڈائریکٹر پنجاب ریسورس مینجمنٹ پروگرام علی جلال اور ڈپٹی پروگرام ڈائریکٹر سحر انیس نے بھی خطاب کرتے ہوئے معلومات کی فراہمی کے حوالے سے اس کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ ورکشاپ میں محکموں کو ویب سائیٹس سے متعلقہ در پیش مشکلات اور اس کے حل کو بھی زیر بحث لایا گیا۔