ٹوبہ ٹیک سنگھ ، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر وزیراعظم کسان پیکج ادائیگی سینٹرپر چھوٹے کاشتکاروں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم

وزیراعظم نوازشریف نے زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے تاریخی کسان پیکج دیاہے،ایم این اے جنیدانوارچوہدری و دیگر کا تقریب سے خطاب

جمعہ 13 نومبر 2015 22:30

ٹوبہ ٹیک سنگھ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء ) ٹوبہ ٹیک سنگھ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پراراکین اسمبلی جنیدانوارچوہدری ،ایوب خان گادھی ،چوہدری امجدعلی جاویداورمیاں محمد رفیق نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے کاشتکاروں کے لئے قائم وزیراعظم کسان پیکج ادائیگی سینٹرپر چھوٹے کاشتکاروں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے۔

ایم این اے جنیدانوارچوہدری نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کاشتکاروں کوامدادی رقوم کی تقسیم کی تقرب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف نے زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے تاریخی کسان پیکج دیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ٹوبہ کے32ہزار272کسانوں کے لئے55کروڑروپے رکھے گئے ہیں ۔ایم پی اے ایوب خان گادھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے کسان پیکیج کو سیاست کی نظرکرنے اور رکوانے کی سرتوڑکوشش کی لیکن کسانوں کی اﷲ نے سن لی اور ہماری درخواست پر عدالت نے کسان دوست پروگرام کو جاری رکھنے کا حکم جاری کیا جس کیڈی سی اوعامر اعجازاکبر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کسان پیکج سے مستفید ہونے والے کاشتکاروں کی فصلوں کا نہایت ایمانداری سے سروے کیا گیا ہے اوروزیر اعلیٰ کی ہدایت پر میرٹ اورشفافیت کو برقراررکھنے کے لئے تھرڈپارٹی آڈٹ کے بعد ہی حتمی فہرستوں کو متعلقہ اداروں میں بھیجاگیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ کاشتکاروں کی سہولت کے لئے ضلع کی تمام تحصیلوں میں ادائیگی سینٹرقائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزیدبتایا کہ تحصیل ٹوبہ کے 11458،گوجرہ کے5478،کمالیہ کے4423اورپیرمحل کے10913کاشتکاروں کو امدادی رقوم دی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھرمیں چاول کی51785جبکہ کپاس کی58109ایکڑفصل کسی نہ کسی وجہ سے متاثرہوئی ہے۔بعدازاں ممبران اسمبلی نے کاشتکاروں میں وزیراعظم کسان پیکج کے تحت امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے۔