حکومت زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے 18نومبر کوزلزلہ زدہ علاقوں کا دورہ کرینگے

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کابیان ، بارشوں میں جاں بحق خاتون کے لواحقین کو5لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان

جمعہ 13 نومبر 2015 22:50

گلگت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ18نومبر کو چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میجر جنرل اصغر نواز کے ہمراہ پھنڈر اور دیگر زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے متاثرین کی بحالی کے کاموں کا جائزہ لینگے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے حالیہ بارشوں میں ہلاک ہونے والی رانی بی بی بنت عبدالمجید ساکن گوپس کے لواحقین کو5لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے اور زخمیوں بی بی خالدہ زوجہ عبد المجید ساکن گوپس، عبد الطیف ولد عبد المجید ساکن گوپس اور علی ولد گل شہزادہ کو فی کس ڈیڈھ لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے زخمیوں کو بہتر طبعی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے جوٹیال سامی محلہ میں ٹرانسفارمر کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ برقیات کے آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو فوری بجلی کی فراہمی اور نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں وزیراعلیٰ نے اس موقع پر جوٹیال سامی محلے کیلئے نئے ٹرانسفارمر فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری برقیات کو ہدایت کی ہے کہ ضلع ہنزہ میں جاری لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے ہنزہ کو تھرمل جنریٹر کی فراہمی پر جلد ازجلد عمل درآمدکرایا جائے اوروزیر اعلیٰ نے تھرمل جنریٹر کی فراہمی میں تاخیر کے حوالے سے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے نومل میں احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری برقیات اور دیگر متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ بجلی کی غیر ضروری طویل لوڈشیڈنگ سے اجتناب کیا جائیے ۔

وزیراعلیٰ نے ضلع استوراورسکردو میں گندم کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری و ڈائریکٹر خوراک کو ہدایت کہ ہے کہ متعلقہ علاقوں میں گندم کی کمی کو دور کرنے کیلئے فوری طور پر گندم کی فراہمی یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :