یونین کونسلوں کے5آزاد چیئر مینوں نے (ق) لیگ میں شمولیت کا اعلان کرد یا

بطور وزیراعلیٰ پورے پنجاب میں بلاتفریق ترقیاتی کام کروائے، آزاد نمائندوں کا بڑی تعداد میں ہماری پارٹی میں شامل ہونا‘ نندی پور پاور پراجیکٹ سے چینی کمپنیوں نے بھی ہاتھ اٹھا لیے ہیں‘چوہدری پر ویز الٰہی کی پارٹی میں شمولیت اختیار کر نیوالوں سے گفتگو

ہفتہ 14 نومبر 2015 21:29

یونین کونسلوں کے5آزاد چیئر مینوں نے (ق) لیگ میں شمولیت کا اعلان کرد یا

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز نے اپنی نوکریاں بچانے کیلئے خلاف قانون ہر وہ کام کیا جو انہیں نہیں کرنا چاہئے تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر تلہ گنگ سے منتخب ہونے والے آزاد نمائندوں کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر آزاد بلدیاتی نمائندوں میں چیئرمین ملک ریاض، وائس چیئرمین ملک امیر سلطان، چیئرمین سید محمود شاہ، چیئرمین ملک اصغر خان، وائس چیئرمین ملک اشرف، وائس چیئرمین ملک ممتاز، چیئرمین ملک اسد قادری اور چیئرمین ملک زمرد خان نے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ جماعت اسلامی کے فیاض گردیزی فصیح الرحمن اور میاں ظہیر الرحمن نے بھی حمایت کا اعلان کیا، پاکستان مسلم لیگ کے مونسپل کمیٹی تلہ گنگ کے نومنتخب ارکان طارق نعیم ملک، ملک محمد حسین، ملک نذر حسین، ملک زاہد اعوان، محمد اعجاز مغل، رفیع اﷲ اور غلام احمد ملک کو چودھری پرویزالٰہی نے مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پورے پنجاب میں بلاتفریق ترقیاتی کام کروائے، آزاد نمائندوں کا بڑی تعداد میں ہماری پارٹی میں شامل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ آج بھی اپنے محسنوں کو یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے چینی کمپنیوں نے بھی ہاتھ اٹھا لیے ہیں اب عوام کا پیسہ ہڑپ کرنے کیلئے حکمرانوں نے بینکوں سے قرض لینے کا منصوبہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پوٹھوہار کے علاقہ میں سمال ڈیم بنائے مگر شہبازشریف کو اتنی عقل نہیں کہ اعلان کرنے سے بجلی نہیں آئے گی بلکہ ڈیم بنانے سے بجلی آئے گی، کسان پیکیج کے نام پر کسانوں کے جذبات کو مجروح کیا جا رہا ہے، اس پیکیج سے کسانوں کو کچھ نہیں ملے گا، ہمیں انشاء اﷲ دوبارہ موقع ملا تو خدمت کا سلسلہ جہاں سے رکا تھا وہیں سے شروع کیا جائے گا، بلدیاتی الیکشن کے دوسرے اور تیسرے مرحلے میں پاکستان مسلم لیگ نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔ اس موقع پر حافظ عمار یاسر، سردار امجد الیاس، شیخ سعید، ملک اسد محمود، ڈاکٹر عبدالغفار، ملک امتیاز، ملک حکیم ایاز خرد، حافظ شیر خان، ملک اﷲ یار، حاجی محمد ریاض اعوان اور ملک ذکاء اﷲ نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :