فرانس بم دھماکوں کا مقصدفلسطینیوں اور شامیوں کی جدوجہد کو کمزور کرنا ہے،حافظ طاہر محمود اشرفی

پیر 16 نومبر 2015 16:59

فرانس بم دھماکوں کا مقصدفلسطینیوں اور شامیوں کی جدوجہد کو کمزور کرنا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 نومبر۔2015ء) فرانس بم دھماکوں کا مقصد اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچانا اور فلسطینیوں اور شامیوں کی جدوجہد کو کمزور کرنا ہے ۔ بے گناہ انسانیت کا قتل عام کرنے والوں کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔ایک طرف انتہاء پسند اور دہشت گرد تنظیمیں بے گناہ انسانوں کا قتل عام کر رہی ہیں اوردوسری طرف اسرائیل اور بشارا لاسد فلسطینیوں ا ور شامیوں کی قتل و غارت گری میں مصروف ہیں۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لندن کے دورے سے واپسی پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا زاہد محمود قاسمی ، مولانا ایوب صفدر ، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا محمد مشتاق لاہوری اور حافظ محمد امجد بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا یورپی ممالک امریکہ اور برطانیہ میں نوجوانوں کے رویوں میں عدم برداشت بڑھ رہی ہے۔

مذہبی اور سیاسی قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ عدم برداشت کے رویوں کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ فرانس میں ہونے والے دھماکوں کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے اور قرآن کریم میں واضح طور پر کسی ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا گیا ہے اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمان کو امن اور سلامتی دینے والا قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی علماء کونسل ، جامعہ الازہر نے بھی پاکستان علماء کونسل کی طرح ان بم دھماکوں کی نہ صرف مذمت کی ہے بلکہ ایسا کرنے والوں کو اسلام اور انسانیت کا دشمن قرار دیا ہے اور اس سلسلہ میں پاکستان علماء کونسل ایک تفصیلی فتویٰ پہلے ہی جاری کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کی طرف سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کا عزم امت مسلمہ کے دل کی آواز ہے اور دنیا میں امن پسند قوتوں اور معاشروں کے لیے لازم ہے کہ وہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد کی طرف توجہ دیں اور ان اسباب کاحل تلاش کیا جائے جن کی بنیاد پر انتہاء پسند اور دہشت گرد تنظیمیں معصوم نوجوانوں کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی طرف راغب کرتی ہیں۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں موجود تمام مکاتب فکر اور مذاہب کی قیادت فرانس بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتی ہے ۔