پاکستان بھارت میں شیڈول ٹریک ایشیا کپ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کرے گا‘ اظہر علی شاہ

منگل 17 نومبر 2015 13:25

پاکستان بھارت میں شیڈول ٹریک ایشیا کپ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت نہیں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 نومبر۔2015ء) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اظہر علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت میں شیڈول ٹریک ایشیا کپ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کرے گا‘ بھارتی حکام کو اس حوالے سے آگاہ کر چکے ہیں کہ ماضی میں کھلاڑیوں کے ویزوں میں رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں اس بار ہم اس طرح کے تضحیک آمیز رویے کو برداشت نہیں کر سکتے اس لئے ایونٹ میں شریک نہیں ہوں گے۔

منگل کو آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر شاہ نے کہا کہ 18 نومبر آج سے بھارت میں شروع ہونے والی ایشیاء کپ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں پاکستان شرکت نہیں کر رہا ہے کیونکہ ماضی میں ہمارے کھلاڑیوں کے ویزوں میں رکاوتیں کھڑی کی گئی تھیں اور ان کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ رکھا گیا تھا جس کی وجہ سے اس بار ہم نے اس ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹریک ایشیا کپ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں بھارت سمیت 150 سے زائد کھلاڑی مختلف کٹیگریز میں حصہ لے رہے ہیں۔ جبکہ ہمیں بھی بھارت کی طرف سے دعوت نامہ وصول ہوا تھا تاہم امریکہ میں ہونے والے انٹرنیشنل سائیکلنگ فیڈریشن کے اجلاس میں بھارتی حکام پر واضح کر دیا تھا کہ ویزوں سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے ہم ایونٹ میں شریک نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جس طرح ویزے جاری ہوئے وہ ہم جانتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے لوگ کھیلوں کے ساتھ محبت ضرور کرتے ہیں تاہم ان کی حکومت کو سپورٹس سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ پاکستان کے حالیہ کرکٹ آفشلز کے ساتھ بھارت کے دورے میں جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔ اظہر علی شاہ نے کہا کہ جنوری 2016ء کو چین میں ایشیئن سائیکلنگ چیمپئن شپ منعقد ہو رہی ہے جس میں پاکستان بھرپور طریقے سے حصہ لے گا۔

متعلقہ عنوان :