سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، فوج کی تعیناتی کا عمل جاری

فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 17 نومبر 2015 14:06

سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، فوج کی تعیناتی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 17 نومبر 2015 ء) :سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے حساس اضلاع میںفوج کی تعیناتی کا آغاز کر دیا گیا ہے. سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں الیکشن مہم آج رات 12بجے ختم ہوجائے گی۔ انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام فوج کی نگرانی میں مکمل کر لیا گیا ہے۔بلدیاتی انتخابات کو مانیٹر کرنے کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری فدا محمد کی سربراہی میں مانیٹرنگ سیل قائم کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے دوران اسلحہ کی نمائش پر سخت پابندی ہوگی، خلاف ورزی کرنے والی سیاسی جماعتوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ پریزائڈنگ آفیسرز کے پاس اٹھارہ سے بیس نومبر تک درجہ اول مجسٹریٹ کے اختیارات ہوں گے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق، پنجاب کے بارہ اور سندھ کے چودہ اضلاع میں فوج اور رینجرزکی تعیناتی مرحلہ وار کی جارہی ہے۔

پنجاب میں اٹک، میانوالی، جہلم، منڈی بہاء الدین،حافظ آباد، گجرانوالہ، شیخوپورہ، چنیوٹ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال اور خانیوال جبکہ سندھ میں نوشہرو فیروز،شہید بےنظیرآباد، دادو، سانگھڑ، میرپورخاص،عمرکوٹ، مٹھی، سجاول، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان اور جامشورو میں فوج کی ایک ایک کمپنی تعینات ہوگی۔حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں فوج کی دو کمپنیاں تعینات کی جا رہی ہیں۔ سانگھڑ میں سکیورٹی خدشات کے پیشٍ نظر انتخابات ملتوی ہونے کے بعد سانگھڑ کی فوج کی دو کمپنیاں بھی بدین میں ہی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.