میڈونا میوزیکل شو کے دوران پیرس واقعے پر آبدیدہ ہو گئیں

منگل 17 نومبر 2015 14:31

میڈونا میوزیکل شو کے دوران پیرس واقعے پر آبدیدہ ہو گئیں

سٹاک ہوم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 نومبر۔2015ء) پاپ گلو کارہ میڈونا سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں کانسرٹ کے دوران پیرس حملوں میں مارے جانے والے افرادکے بارے میں بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔تفصیلات کے مطابق میڈونا اپنے ریبل ہارٹ ٹوور کے سلسلے میں سٹاک ہوم میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بار بار پیرس میں ہونے والے المناک واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان کا خیال آتا رہا اور وہ دن بھر پریشان رہیں اور بمشکل تمام خود کو کانسرٹ کیلئے تیار کر پائیں۔

کانسرٹ کے دوران بھی ان کا دھیان پیرس کے سانحہ کی طرف جاتا رہا۔میڈونا نے کہا پیرس واقعے کو فراموش کرنا مشکل تھا اور وہ بمشکل تمام خود کو پروگرام کیلئے تیار کر سکی۔ میڈونا نے کہا یہ سوچ کر میرا دل پارہ پارہ ہوتا رہا کہ ایسے وقت جب لوگ اپنے عزیزوں کے قتل پر گریہ کناں ہیں تو وہ کیونکر رقص و موسیقی سے لطف اندوز ہو رہی ہے اور یہ بات کہتے ہوئے اس کی آنکھیں نمناک ہو گئیں۔

(جاری ہے)

میڈونا نے کہا اس نے شو منسوخ کرنے کا سوچا تو اسے خیال آیا دہشت گرد مغرب کی آزادیاں ہی تو ختم کرنا چاہتے ہیں تو وہ کیونکر انہیں یہ موقع دے اور پھر میڈونا کی قیادت میں پیرس واقعے میں مرنے والوں کیلئے خاموشی اختیار کی گئی۔ اس کے بعد میڈونا نے اپنے شہرہ آفاق گانے لائیک اے پریئر پر پرفارم کیا۔

متعلقہ عنوان :