یونین سائیکلسٹ انٹرنیشنل (یو سی آئی ) کا آئندہ سال اکتوبر میں قطر میں ہونے والی ورلڈ چیمپیئن شپ میں پاکستانی سائیکلسٹس کو وائلڈ کارڈ انٹری دینے پر غور، پاکستان کی طرح کے ممالک کو وائلڈ کارڈ انٹری دینے کی تجویز پر فیصلہ جلد ہوگا ، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے نائب صدر معظم علی خان کی اے پی پی سے خصوصی گفتگو

منگل 17 نومبر 2015 18:08

یونین سائیکلسٹ انٹرنیشنل (یو سی آئی ) کا آئندہ سال اکتوبر میں قطر میں ..

لاہور ۔17 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 نومبر۔2015ء) یونین سائیکلسٹ انٹرنیشنل (یو سی آئی ) آئندہ سال اکتوبر میں قطر میں ہونے والی ورلڈ چیمپیئن شپ میں پاکستانی سائیکلسٹس کو وائلڈ کارڈ انٹری دینے پر غور کر رہی ہے۔ اس بات کا انکشاف پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے نائب صدر معظم علی خان نے منگل کو اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔

17 نومبر۔2015ء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہترین سائیکلسٹس تاریخ میں پہلی بار ورلڈ سائیکلنگ ایونٹ میں شرکت کا موقع حاصل کریں گے اور ہمیں یقین ہے کہ یو سی آئی اس خواب کو پورا کرنے کیلئے ہمارے سائیکلسٹس کو وائلڈ کارڈ انٹری دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ممالک جن کے سائیکلسٹس ورلڈ چیمپیئن شپ میں شرکت کے لئے نہ تو باصلاحیت ہیں اور نہ ہی سہولتیں رکھتے ہیں کو وائلڈ کارڈ انٹر ی دینے کا معاملہ یو سی آئی کے حال ہی میں ہونے والے جنرل کونسل کے اجلاس میں ہوا جس میں معظم علی نے پی سی ایف کے صدر سید علی شاہ کے ہمراہ پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ انہوں نے رچمنڈ ورجینا یو ایس اے میں ہونے والی ورلڈ چیمپیئن شپ بھی دیکھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یو سی آئی کے صدر نے اجلاس میں یقین دلایا کہ پاکستان کی طرح کے ممالک کو وائلڈ کارڈ انٹری دینے کی تجویز پر فیصلہ جلد ہوگا تاکہ کم تجربہ کار سائیکلسٹس کو بھی نہ صرف اپنے کھیل کو بہتر بنانے کیلئے یکساں مواقع مل سکیں بلکہ ورلڈ ٹاپ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا غیر معمولی موقع ملے گا۔ معظم علی نے کہاکہ ورلڈ چیمپیئن شپ کے دوران پاکستانی سائیکلنگ کے عہدیداروں کی دنیا کی مختلف سائیکلنگ فیڈریشن کے عہدیداروں سے مفید ملاقاتیں ہوئیں اور انہوں نے پاکستان میں سائیکلنگ کی ڈویلپمنٹ کیلئے کی جانے والی کوششوں کو تیز کرنے کیلئے مثبت رد عمل ظاہر کیا۔

ترکی سائیکلنگ فیڈریشن کے اعلی عہدیداروں نے ترکی میں مستقبل میں ہونے والے اہم سائیکلنگ ایونٹس میں پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کو باقاعدگی سے دعوت نامے بھیجنے کا یقین دلایا۔ معظم علی جو کہ خود سابق انٹرنیشنل سائیکلسٹ ہیں اور متعدد انٹرنیشنل میڈلز جیت چکے ہیں نے کہاکہ ترکی کی سائیکلنگ فیڈریشن کے عہدیداروں نے پاکستان سائیکلنگ میں بہت زیادہ دلچسپی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی سائیکلسٹ باصلاحیت ہیں اور اگر ان کو سائیکلنگ ویلڈروم میں جدید تکنیک کی تربیت دی جائے تو وہ سائیکلنگ میں اعلی مقام حاصل سکتے ہیں۔

پی سی ایف کے عہدیدار نے کہاکہ قطر اور جاپان کی سائیکلنگ فیڈریشن کے عہدیداران نے بھی پاکستان سائیکلنگ کو سپورٹ کرنے کیلئے اسی طرح کے مثبت رد عمل کا اظہار کیا۔ قطر میں ہونے والے سائیکلنگ ایونٹ میں پاکستان کو دعوت دی جائے گی اور ہمیں اعتماد ہے کہ اس طرح کی سپورٹ سے ہم اپنے سائیکلنگ کے معیار کو اعلی بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے جس سے ہمارے سائیکلسٹس کی ایشیا میں رینکنگ بہتر ہونے کا بھی مقصد حاصل ہوجائے گا۔

معظم علی جو کہ پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے بھی صدر ہیں نے بتایا کہ ہماری ملاقات بھارت کے سائیکلنگ کے عہدیداروں سے بھی ہوئی ہے اور برصغیر میں سائیکلنگ کی ڈویلپمنٹ کیلئے تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں سے اجازت کے بعد سائیکلنگ ایونٹس کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سائیکلنگ ٹیم جاپان میں اگلے سال کے شروع میں ہونے والی ایشیئن سائیکلنگ چیمپئن شپ میں حصہ لے گی اگر ہم نے ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے وائلڈ کارڈ انٹری حاصل کرلی تو ایشیئن سائیکلنگ چیمپیئن شپ میں شرکت سے ہمیں ورلڈ چیمپیئن شپ کیلئے تیاری کا موقع مل جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :