خیبرپختون خوا کی فٹ بال ٹیم کا دورہ بحرین لائق ستائش ہے،سید عاقل شاہ

منگل 17 نومبر 2015 19:59

خیبرپختون خوا کی فٹ بال ٹیم کا دورہ بحرین لائق ستائش ہے،سید عاقل شاہ

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 نومبر۔2015ء)سابق صوبائی وزیر کھیل اورپاکستان ا ولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر سید عاقل شاہ نے کہا ہے کہ خیبرپختون خوا کی فٹ بال ٹیم کا دورہ بحرین لائق ستائش ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ کھلاڑی جن کا انتہائی غیرجانبدارانہ اور شفاف ٹرائلز کے بعد انتخاب کیا گیا ہے مستقبل میں نہ صرف صوبے بلکہ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے۔

وہ پشاور میں صوبائی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں ملک سعد میموریل سپورٹس ٹرسٹ کی جانب سے سامان تقسیم کرنے کی رنگارنگ اور پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ڈائریکٹر سپورٹس خیبر پختون خوا طارق محمودبھی اس موقع پر موجود تھے۔سید عاقل شاہ نے کہا کہ صوبے سے کسی بھی ٹیم کو غیر ملکی دورے پر بھیجنا آسان نہیں ہوتا لیکن منتظمین نے کھیلوں کی ترقی اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کی ناقابل فراموش مثال قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود اپنی مدد آپ کے تحت خیبر پختون خوا کی فٹ بال ٹیم کا دورہ بحرین قابل ستائش ہے اس قسم کے دورے جہاں ایک دوسرے ملک کے کھلاڑیوں کے درمیان دوستی کے رشتے مضبوط کرنے کا باعث بنتے ہیں وہیں کھلاڑیوں کے کھیل میں بھی نکھار پیدا ہوتا ہے۔سید عاقل شاہ نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہارجیت سے قطع نظر میدان کے اند بہترین کھیل پیش کرنا چاہیئے بحرین کے فٹبالر انتہائی تجربہ کار اور پروفیشنل ہیں لیکن انہیں امید ہے کہ خیبر پختون خوا کی ٹیم انہیں ٹف ٹائم دے گی۔پاکستانا ولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر نے ملک سعد ٹرسٹ کی جانب سے کھلاڑیوں میں ٹریک سوٹ اور کھیلوں کا سامان بھی تقسیم کیا۔