خوشخبری، سعودیہ میں خیر مقدم آپ کی اپنی زبان میں ہو گا

محکمہ پاسپورٹ نے عملے کو مختلف زبانیں سکھانے کا اہتمام کر لیا

بدھ 18 نومبر 2015 19:22

خوشخبری، سعودیہ میں خیر مقدم آپ کی اپنی زبان میں ہو گا

الریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 نومبر۔2015ء)سعودی محکمہ پاسپورٹ 'جوازات' کے عملے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے انہیں مختلف زبانیں سکھائی جائیں گی تاکہ وہ مختلف ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور سرحدی کراسنگ کے ذریعے حج، عمرہ اور دیگر مقاصد کے لئے مملکت آنے والوں سے بآسانی گفتگو کر سکیں۔سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق تربیت فراہمی کے جامع منصوبے کے پہلے مرحلے میں 'جوازات' نے مختلف قسم کی تربیت فراہمی کی ماہر 'العالم' نامی سعودی کمپنی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔

جوازات کے ڈائریکٹر میجر جنرل سلیمان الیحی اور العالم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرحمان الجدیع نے پیر کے روز معاہدے پر دستخط کئے۔جنرل سلیمان الیحی نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت 'جوازات' اپنے عملے کی کارکردگی کو جلا دینا چاہتا ہے تاکہ وہ مملکت کے مہمانوں، شہریوں اور تارکین وطن کی بہتر خدمت کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا محکمہ ہمیشہ خصوصی تربیتی پروگراموں کے ذریعے عملہ کی اہلیت بڑھانے کے لئے کوشاں رہتا ہے۔

الیحی نے بتایا کہ مختلف شعبوں میں تربیت کے لئے جوازات کا تربیتی مرکز تعمیر کیا جا رہا ہے۔ سینٹر کا 30 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی کام رواں سال کے اختتام تک مکمل ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ تربیتی مرکز میں جوازات کے عملے کو غیر ملکی زبانیں سکھانے کے ساتھ یہاں مختلف تربیتی سینشز اور تعلیمی کورسز بھی منعقد کئے جائیں گے۔الیحی کا مزید کہنا تھا کہ ہم سینٹر میں جنوبی ایشیا اور جنوبی افریقا میں بولی جانیں والی زبانیں سکھانے پر خصوصی توجہ دیں گے تاکہ عملہ ان ملکوں سے آنے والے عازمین حج اور وزٹ پر آنے والوں سے بآسانی گفت وشنید کر سکے۔

جوازات کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ تمام عملے کے لئے ہر سال خصوصی تربیتی پروگرام بنائے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عملے کو خصوصی پروگراموں کے ذریعے جعلی پاسپورٹ اور ویزہ کی شناخت کے بارے میں بتایا جاتا ہے تاکہ غیر قانونی طریقے سے مملکت آنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔