جونیئرایشیا کپ ہاکی میں کوارٹرفائنل آج کھیلے جائیں گے

جمعرات 19 نومبر 2015 11:46

جونیئرایشیا کپ ہاکی میں کوارٹرفائنل آج کھیلے جائیں گے

کونٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 19نومبر- 2015ء) ملائیشیا میں جاری آٹھویں جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز آج کھیلے جارہے ہیں ۔ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی چار ٹیمیں اگلے سال ہونیوالے جونیئر ایشیا کپ کیلئے بھی کوالیفائی کرلیں گی اس لیے گرین شرٹس ٹیم کیلئے آج کا میچ بہت اہم ہے ۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے چین کے چیلنج کا سامنا ہے ۔

آٹھ ملکی ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں بھارت اورگروپ بی میں پاکستان نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی ۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیمیں لیگ میچز میں ناقابل شکست رہیں۔ آج پہلا کوارٹرفائنل گروپ اے کی ٹاپ ٹیم بھارت اورگروپ بی کی نمبر فور اومان کے درمیان ہوگا ۔ دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کا مقابلہ جاپان سے ہوگا ۔ تیسرے میچ میں میزبان ملائیشیا اورکوریا ٹکرائیں گے ۔ آخری کوارٹرفائنل میں پاکستان کی ٹیم چین کے مدمقابل ہوگی ۔ قومی جونیئر ٹیم نے گروپ میں بنگلہ دیش،کوریا اور اومان تینوں کو شکست دی ۔ اس نے مجموعی طور پر تیرہ گول کئے ۔ اس کے خلاف صرف دو گول بنے ۔ کوارٹرفائنل میں فتح کے ساتھ قومی ٹیم سیمی فائنل کے ساتھ جونیئر عالمی کپ کیلئے بھی کوالیفائی کرلے گی ۔