وقار یونس قومی ٹیم کی انگلینڈ کے ہاتھوں تیسرے ون ڈے میں شکست کے ذمہ دار ہیں،جاوید میانداد ، سرفراز نواز

جمعرات 19 نومبر 2015 12:13

وقار یونس قومی ٹیم کی انگلینڈ کے ہاتھوں تیسرے ون ڈے میں شکست کے ذمہ ..

اسلام آباد ۔ 19 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 نومبر۔2015ء) سابق کرکٹرز جاویدمیانداد اور سرفراز نواز نے قومی ٹیم کی انگلینڈ کے ہاتھوں تیسرے ون ڈے میں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناکامی کے اکیلے ذمہ دار کپتان نہیں بلکہ ٹیم کوچ وقار یونس بھی ہیں۔ انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کو تیسرے ون ڈے میں با آسانی 6 وکٹوں سے زیر کر کے چار میچز کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کی تھی۔

اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 نومبر۔2015ء سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقار یونس کی پسند و ناپسند کو سامنے رکھ کر پلیئنگ الیون کا چناؤ کیا گیا اسلئے ٹیم کی شکست کی پوری ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا ہے کہ احمد شہزاد بھی پسند و ناپسند کا نشانہ بنے، انہیں وقار یونس اور ٹیم مینجمنٹ سے ڈسپلنری ایشوز کے باعث انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے ڈراپ کیا گیا، میرا سوال پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی سے ہے، اگر شہزاد کو کوچ اور مینجمنٹ سے ڈسپلنری ایشوز تھے تو انہیں ٹی ٹونٹی ٹیم میں شامل کیوں کیا گیا اور ون ڈے میں نہیں۔

(جاری ہے)

کوچ اور مینجمنٹ اقربا پروی کا مظاہرہ کر کے کھلاڑیوں اور ٹیم کی کارکردگی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ تیسرے ون ڈے میں شکست کے بعد سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے وقار یونس پر شکوک اٹھائے تھے، میانداد نے کہا کہ وہ وان کے بیان میں تبصرہ نہیں کرنا چاہتے لیکن نئے کوچ کی تقرری ناگزیر ہو چکی ہے۔ سرفراز نواز نے ٹیم کی ناکامی کا ذمہ دار وقار یونس اور اظہر علی کو قرار دیا، وارن کے الزامات پر انہوں نے کہا کہ جب 2010ء میں ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا تو اس وقت بھی وقار یونس ٹیم کے کوچ تھے اور سپاٹ فکسنگ کا تنازع سامنے آیا تھا اور اب ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو فوری طور پر وقار کو ہٹا کر نئے کوچ کی تقرری کرنی چاہیے۔