کرنسی سمگلنگ کیس، ماڈل گرل ایان علی پر فرد جرم عائد‘ ملزمہ کا صحت جرم سے انکار

جمعرات 19 نومبر 2015 12:51

کرنسی سمگلنگ کیس، ماڈل گرل ایان علی پر فرد جرم عائد‘ ملزمہ کا صحت جرم ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 نومبر۔2015ء) کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل گرل ایان علی پر فرد جرم عائد کردی گئی ، ملزمہ نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے ایان علی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے فرد جرم عائد کردی ہے۔ ملزمہ نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا تفصیلی بیان ریکارڈ کرانا چاہتی ہے جس پر عدالت نے کہا کہ جو بھی کہنا ہے تحریری طور پر جواب جمع کرایا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے کرنسی سمگلنگ کیس کی فردجرم پر مزید کارروائی 8 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔عدالت کے روبرو فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی جس میں کہا گیا کہ ملزمہ ایان علی کو 13 اور 14 مارچ کی درمیانی شب بینظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمہ کے بیگ کی تلاشی کے دوران 5 لاکھ 6 ہزار 800 امریکی ڈالر برآمد ہوئے جو ملزمہ دبئی سمگل کرنا چاہتی تھی۔فرد جرم کی کارروائی شروع کرنے پر ماڈل ایان علی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے اعتراضات اٹھائے لیکن عدالت نے وکیل کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے فرد جرم عائد کردی۔

متعلقہ عنوان :