میک سلیپرز کی دلسوز تصاویر، ایسے افراد جو میکڈونلڈز میں پناہ لیتے ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 نومبر 2015 16:19

میک سلیپرز کی دلسوز تصاویر، ایسے افراد جو میکڈونلڈز میں پناہ لیتے ہیں

ہانگ کانگ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 19 نومبر 2015 ء): میک سلیپر کہیں یا میک پناہ گزین، یہ ایک ایسا نظریہ ہے جو ایشیا کے متعدد ممالک میں پروان چڑھ رہا ہے ، میک سلیپرز یا میک پناہ گزین وہ لوگ ہیں جو بے گھر ہونے کے سبب مختلف ممالک کے مختلف شہروں میں چوبیس گھنٹے سروس فراہم کرنے والے میکڈونلڈز میں پناہ لیتے ہیں۔ جاپان ، چین اور ہانگ کانگ میں پراپرٹی اور کرائے کی قیمتوں میں بتدریج اضافے کے بعد مضبوط خاندانی اور تعلیمی پس منظر رکھنے والے افراد کے پاس بھی میکڈونلڈ میں پناہ لینے کے علاوہ دوسرا کوئی چارہ نہیں ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے ایک فوٹوگرافر نے ہانگ کانگ میں موجود میکڈونلڈز کی ایسی برانچز کا دورہ کیا جو چوبیس گھنٹے سروس فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ متعدد افراد کی پناہ گاہ بھی ہیں۔

(جاری ہے)

اس طرح کی تصاویر سے ہانگ کانگ ، جاپان اور چائنہ میں رہنے والے بے بس افراد کی زندگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے پراپرٹی اور کرائے کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے ہی ان افراد کو پناہ لینے پر مجبور کر دیا ہے۔

میکڈونلڈز کی چوبیس گھنٹے کھُلی رہنے والی برانچز میں رات گزارنے والے افراد کا ایک سیلاب سا اُمڈ آیا ہے۔ ہانگ کانگ میں گھر کی قیمتوں میں 2008ء کے بعد سے130فیصد اضافہ ہو چکا ہے جس کے بعد ایک گھر کی قیمت ایک فرد کی اوسط تنخواہ سے سترہ گُنا زیادہ ہے۔ جبکہ ہانگ کانگ کو دنیا بھر میں سب سے مہنگی گھریلو پراپرٹی رکھنے والے تیسرے بڑے شہر کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

اُردو پوائنٹ ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق چینی یونیورسٹی کے ایک پروفیسر کا کہنا ہے کہ اس سے قبل نشے کی لت یا دماغی حالت ٹھیک نہ ہونے کے باعث گھر میسر نہیں آتے تھے لیکن حال ہی میں سڑکوں پر سوتے افراد میں زیادہ تر تعلیم یافتہ اور مضبوط خاندانی پس منظر کے حامل افراد کو دیکھا گیا ہے۔ جبکہ ایک ریسرچ کے مطابق ہانگ کانگ میں ہزار سے زائد نئے بے گھر افراد ہیں۔

ہانگ کانگ میکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ ہم زیادہ زیادہ افراد کی جگہ بنانے کے کوشش کر رہے ہیں جن میں سے زیادہ تر افراد ایسے ہیں جو زیادہ وقت یہاں گزارنا چاہتے ہیں۔ میک سلیپرز اور میک پناہ گزینوں کے لیے سڑک پر سونے سے بہتر کسی میکڈونلڈ میں سوجانا یا رات گزارنا کہیں بہتر اور آرام دہ ہے لیکن ایک طرح سے اسے افسوسناک بھی تصور کیا جاتا ہے کیونکہ میکڈونلڈ میں بیٹھ کر بگ میک کھانے والے اکثر اس بات سے آگاہ نہیں ہوتے کہ انکی ساتھ والی میز پر کوئی پناہ گزین موجود ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ تب پیش آیا جب میکڈونلڈز میں موجود ایک خاتون کے کافی دیر تک نہ ہلنے پر پولیس کو طلب کیا گیا اور بعد ازاں معلوم ہوا کہ عورت کی موت ہو چکی ہے.

میک سلیپرز۔ مکڈونلڈ میں رات گزارنے والے بے گھر افراد