شارجہ میں خراب کارکردگی ، بلے باز آئینہ دکھانے پر برا مان گئے، کوچ سےجھڑپ

جمعرات 19 نومبر 2015 16:26

شارجہ میں خراب کارکردگی ، بلے باز آئینہ دکھانے پر برا مان گئے، کوچ ..

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 19نومبر- 2015ء) نام بڑے اور درشن چھوٹے،بڑے نام والے بیٹسمین ون ڈے سیریز میں منہ کے بل گرگئے جب ہیڈ کوچ وقار یونس نے پاکستانی بیٹسمینوں کو آئینہ دکھایا تو وہ برا مان گئے ۔ بیٹنگ لائن کی خراب کارکردگی اور مشکوک بیٹنگ کے سنگین الزامات سامنے آنے کے بعد وقار یونس نے خفیہ میٹنگ میں دل کھول کر بھڑاس نکالی ۔

انہوں نے کہہ دیا کہ سینئر ہو جونیئر، کارکردگی دکھانے والا بیٹسمین ہی ٹیم میں رہےگا ۔ بیٹسمین اس بات کے لئے تیار نہ تھے لیکن کوچ نے غلط شاٹس کھیلنے اور رن آئوٹ ہونے والے بیٹسمینوں کو کھری کھری سنادیں ۔ انہوں نے میٹنگ کے اختتام پر وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ خفیہ میٹنگ ہے ، اس کی خبر باہر گئی تو خبر دینے والے کو بھی کارروائی کے لئے تیار رہنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

طویل عرصے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی مسلسل دو شکستوں کے بعد کوچ وقار یونس نے شکست کاملبہ بیٹنگ لائن پر گرادیا اور سینئر بیٹسمینوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ایک موقع پر ماحول کشیدہ ہوگیا ایسا لگ رہا تھا کہ کھلاڑی کوچ سے اور کوچ کھلاڑیوں سے ناراض ہیں ۔ سینئر بیٹسمین نے کوچ کی بات کا برا منایا اور ان کی جھڑپ بھی دیکھنے میں آئی تاہم میٹنگ بہتر ماحول میں اس امید کے ساتھ ختم ہوئی کہ بیٹسمین جیت کے لئے تن من ایک کردیں گے ۔

دوسرے ون ڈے میں بیٹنگ لائن 188رنز پر دھوکا دے گئی اور تیسرے میچ میں 32رنز پر 8 وکٹ گرنے کے بعد ٹیم 208 رنز بناسکی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل کوچ نے دوسرے دن ڈے میں سست کھیلنے والے بیٹسمینوں کو پیغام پہنچایا تھا کہ وہ سست اور انفرادی بیٹنگ کے بجائے وکٹ ضائع کرکے ڈریسنگ روم آجائیں ۔ انگلینڈ کے خلاف مسلسل دوسرا ون ڈے انٹر نیشنل ہارنے کے بعد ٹیم انتظامیہ پریشان ہے اور وہ کھلاڑیوں سے فیصلہ کن ون ڈے میں بہتر کارکردگی چاہتی ہے ۔

ابوظہبی کے دوسرے ون ڈے میں 95رنز اور تیسرے میچ میں چھ وکٹ کی شکست کے بعد ٹیم ہوٹل میں ہیڈ کوچ وقار یونس اور دیگر کوچز نے بیٹسمینوں کے ساتھ خصوصی میٹنگ میں شکست کا پوسٹ مارٹم کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق میٹنگ میں ابتدا میں گرما گرمی جھڑپ میں تبدیل ہوگئی لیکن معاملات بتدریج ٹھنڈے ہوگئے ۔ وقار یونس نے میٹنگ سے اٹھنے سے قبل کھلاڑیوں کو دھمکی بھی دی کہ وہ میڈیا کی مخبری سے گریز کریں ورنہ میرے ذرائع مجھے مخبر کی اطلاع دے دیں گے۔

حددرجہ مصدقہ ذرائع کے مطابق وقار یونس نے غیر ذمے دارانہ بیٹنگ پر بیٹسمینوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کی رائے تھی کہ بیٹسمینوں نے اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کیں۔ جس پر بیٹسمینوں کی جانب سے بھی مزاحمت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جان بوجھ کر خراب بیٹنگ نہیں کی ہے۔ دو گھنٹے ہونے والی میٹنگ میں کوچز کے علاوہ کپتان اظہر علی اور منیجر انتخاب عالم بھی موجود تھے ۔

ذرائع کے مطابق پہلی بار وقار یونس نے بیٹسمینوں کو یاد دلایا کہ وہ اپنے لئے کھیل رہے ہیں اور انہیں ٹیم کے لئے کھیلنا ہوگا ۔ گرما گرمی کے ماحول میں بعض جونیئر پریشان دکھائی دیے ۔ وقار یونس نے بیٹسمینوں پر واضح کردیا کہ وہی کھلاڑی ٹیم میں جگہ برقرار رکھے گا جو کارکردگی دکھائے گا۔ ذرائع کے مطابق کوچ بیٹنگ کی کارکردگی سے غصے میں تھے انہوں نے سینئرز سے کہا کہ وہ ذمے داری لیں۔

ورنہ باہر بیٹھنے کے لئے تیار ہوجائیں۔ ذرائع کے مطابق شارجہ ون ڈے کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم میں اس کی کارکردگی ناقابل برداشت ہوتی ہے ۔ ایسی غیر ذمے داری کرنے والے اپنی غلطیوں کو بہتر کریں ۔ انہوں نے بیٹسمینوں کو تلقین کی کہ وہ جارحانہ کرکٹ ضرور کھیلیں لیکن دماغ کا بھی استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے اچھا کم بیک کیا۔ ہم غالباً یہ سوچ رہے تھے کہ وہ شاید اتنا اچھا نہیں کھیلیں گے، لہٰذا اب انتھک محنت کرنا ہو گی۔ عینی شاہدین اور ٹیم ہوٹل کی راہداریوں پر گہری نظر رکھنے والے کہتے ہیں کہ میٹنگ روم سے اونچی آوازیں بھی باہر سنائی دے رہی تھیں لیکن میٹنگ کے بعد کوچز اور کھلاڑی ہنستے ہوئے رخصت ہوئے ۔