ابراہیمووچ نے سویڈن کو 2016ء یوروکپ میں پہنچادیا

جمعرات 19 نومبر 2015 16:55

ابراہیمووچ نے سویڈن کو 2016ء یوروکپ میں پہنچادیا

کوپن ہیگن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 19نومبر- 2015ء) ذلاٹن ابراہیمووچ نے سوئیڈن کو 2016ء یورو کپ میں پہنچا دیا۔ سوئیڈن اور ڈنمارک کے درمیان یورو کپ کوالیفائر پلے آف سکینڈ لیگ میچ 2-2 سے برابر ہوگیا۔تاہم ایگری گیٹ اسکور کی بنیاد پر سوئیڈن نے ڈنمارک کا 3-4 سے بوریا بستر لپیٹ دیا۔ اسی طرح سلوونیا اور یوکرین کا میچ بھی 1-1 سے برابر رہا لیکن ایگری گیٹ سکور پر یوکرین نے 1-3 سےسلوونیا کوہرا کر میگا ایونٹ میں جگہ پکی کرلی ۔

کوپن ہیگن میں کھیلے گئے سکینڈ لیگ میچ میں سوئیڈن اور ڈنمارک مدمقابل ہوئے ۔ 19ویں منٹ میں ذلاٹن ابراہیمووچ نےعمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ پہلے ہاف تک سوئیڈن ٹیم کی برتری برقرار رہی۔ 76ویں منٹ میں ذلاٹن ابراہیمووچ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سوئیڈن کی جانب سے دوسرا گول داغا۔

(جاری ہے)

81ویں منٹ میں حریف ٹیم ڈنمارک کے یوسف پولسین نے گول کے خسارے کو کم کرتے ہوئے گول کرکے مقابلہ 1-2 کردیا۔

میچ کےآخری منٹ میں ویسٹرگراڈ نےگیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر اسکور 2-2 کردیا تاہم ویسٹر گراڈ کی کاوش رائیگاں گئی۔ سوئیڈ ن نےڈنمارک کیخلاف فرسٹ لیگ 1-2 سے جیتا تھا اور ایگری گیٹ اسکور پر سوئیڈن نے 3-4 سے کامیابی حاصل کرکے میگا ایونٹ میں رسائی حاصل کی۔ دوسرے میچ میں سلوونیا اور یوکرین کی ٹیم آمنے سامنے ہوئیں۔ میچ کے اختتام تک دونوں ٹیموں کا اسکور1-1 سے برابر تھا۔ تاہم1-3 ایگری گیٹ اسکور پر یوکرین کو فاتح قرار دیا گیا۔ یوروکپ کوالیفائرز کے لائن اپ مکمل ہوگئے جس میں 24ٹیموں نے میگا ایونٹ میں شرکت کرنے کا پروانہ حاصل کرلیا ۔