نیب کا سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخو امیر ہوتی ، سابق چیف الیکشن کمشنر سید طارق ، سی ای او آئیسکو جاوید پرویز،کے الیکٹرک حکام اور دیگر افسران کیخلاف ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے اور کرپشن پر تحقیقات کا فیصلہ

کراچی پورٹ ٹرسٹ کے حکام، سابق سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا اور دیگر کے خلاف دوبارہ انکوائری ہوگی ،قرض نادہندگی کیس میں انتخاب عالم کے خلاف کرپشن اورمیسرز جاوید انٹر پرائزز کے مالک جاوید عباسی سمیت دیگر کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کیاجائیگا،سابق چیئرمین پیمرا چوہدری رشید کے خلاف بدعنوانی و اختیارات سے تجاوز کا مقدمہ ایف آئی اے کو بھیجاجائیگا، چیئرمین نیب کے زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں فیصلے

جمعرات 19 نومبر 2015 22:07

نیب کا سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخو امیر ہوتی ، سابق چیف الیکشن کمشنر ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 نومبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب )کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور رکن قومی اسمبلی امیر حیدر ہوتی کیخلاف ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے، مبینہ بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال، کے الیکٹرک کمپنی کے حکام، چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو جاوید پرویز اور دیگر افسران، سابق چیف الیکشن کمشنر سید محمد طارق کے خلاف انکوائری جبکہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے حکام، سابق سیکریٹری صحت خیبر پختونخوا اور دیگر کے خلاف دوبارہ انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔

جمعرات کو نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہوا۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 366.670 ملین روپے کے قرض نادہندگی کیس میں ملوث ملزمان انتخاب عالم و دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں میسرز جاوید انٹر پرائزز کے مالک جاوید اقبال عباسی اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملزمان نے سرکاری فنڈز میں مبینہ خورد برد کے ذریعے 73.66 ملین روپے کا فراڈ کیا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے سابق ایم ڈی پی ٹی ڈی سی میر شاہجہان کھیتران اور دیگر کے خلاف صمنی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان نے پی ٹی ڈی سی کی اراضی غیر قانونی طریقے سے لیز پر دی اور قومی خزانے کو 19.151 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔ اجلاس میں کے الیکٹرک کراچی کی انتظامیہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔

کے الیکٹرک نے پیپرا آرڈر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کراچی اور بلوچستان میں 2 کروڑ 30 لاکھ صارفین سے ٹیرف ریلیف کی مد میں مبینہ طور پر 22 ارب روپے سے زائد رقم جمع کی اور ٹیکس محصولات سے متعلق 213 ارب روپے کے غلط اعداد و شمار پیش کئے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے رکن قومی اسمبلی و سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔

ملزم پر ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو جاوید پرویز، ڈائریکٹر فنانس نجم پرویز، سابق صدر ٹی آئی بی ایل آصف کمال اور دیگر کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا گیا۔ ملزم پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی اثاثے خریدنے کا الزام ہے۔ ملزم نے قومی خزانے کو 81 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔

ایگزیکٹو بورڈ نے سابق چیف الیکشن کمشنر سید محمد طارق، سکول ٹیچر ڈیرہ غازی خان بشریٰ خالد کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر اختیارات سے تجاوز اور ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام اور دیگر کے خلاف دوبارہ انکوائری کا فیصلہ کیا۔ ملزمان پر میسرز انٹرنیشنل واٹر اینڈ الیکٹرک کارپوریشن (سی ڈبلیو ای) کو خلاف قانون کھدائی کا ٹھیکہ دینے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 224 ملین روپے کا نقصان ہوا۔

اجلاس میں سابق سیکریٹری صحت، چیئرمین پروونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ خیبر پختونخوا محمد اشفاق، سابق ڈی جی ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا شریف احمد، سابق ڈی جی ہیلتھ خیبر پختونخوا محمد علی چوہان اور دیگر کے خلاف دوبارہ انکوائری کی منظوری دی۔ انہوں نے ہیپاٹائٹس کنٹرول کے لئے غیر معیاری انٹرفیرون انجیکشن فراہم کئے اور انٹر فیرون انجیکشن کی خریداری میں خورد برد کی جس سے قومی خزانے کو 244.9 ملین روپے کا نقصان ہوا۔

ایگزیکٹو بورڈ نے سابق ایم ایس میو ہسپتال زاہد پرویز کے خلاف عدم ثبوت کی بناء پر انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں سابق چیئرمین پیمرا چوہدری رشید احمد اور دیگر کے خلاف بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز کا مقدمہ ایف آئی اے کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ ایف آئی اے پہلے ہی اس سلسلے میں انکوائری کر رہی ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستانیوں کے ٹیکس سے چھوٹ کا مقدمہ مزید انکوائری کے لئے ایف بی آر کو بھیجنے کی منظوری دی۔