ہیڈ کوچ وقار یونس کی اجاراداری اور ہٹ دھرمی اور سینئر کھلاڑیوں کو اپنی مخالفت کی بھینٹ چڑھانے پر سابق کرکٹرز پھٹ پڑے

جمعہ 20 نومبر 2015 12:33

ہیڈ کوچ وقار یونس کی اجاراداری اور ہٹ دھرمی اور سینئر کھلاڑیوں کو اپنی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 نومبر۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کی اجاراداری اور ہٹ دھرمی اور سینئر کھلاڑیوں کو اپنی مخالفت کی بھینٹ چڑھانے پر سابق کرکٹرز پھٹ پڑے ، یونس خان کی ریٹائرمنٹ کی وجہ بننے والے وقار یونس اب احمد شہزاد کے کیریئر کو بھی تباہ کرنے پر تل گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں دو صفر سے کامیابی حاصل کی تھی ٹیسٹ ٹیم کی تشکیل میں وقار یونس کی من مانی نہ چلی تھی تاہم ون ڈے ٹیم تشکیل میں وقار یونس من مانی کرتے ہوئے ذاتی پسند و نہ پسند کی بنا پر ٹیم منتخب کررہے ہیں اور اپنے من پسند کھلاڑیوں کو سپورٹ کررہے ہیں۔

جس سے ان کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے ٹیم میں ہر روز تبدیلیاں کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے خاص ظور پر بیٹسمین اعتماد کھو چکے ہیں اور ان کے سر پر کسی بھی وقت ٹیم سے ڈراپ ہونے کا دباؤ رہتا ہے ۔

(جاری ہے)

وقار یونس نے لیجنڈ بیٹسمین یونس خان کی ون ڈے ٹیم میں شمولیت پر بھرپور مخالفت کی تھی چیف سلیکٹر اور چیئرمین پی سی بی کی وجہ سے یونس کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اب احمد شہزاد کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

سابق کپتان جاوید میانداد اور سرفراز نواز نے انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں وقار یونس کے رویے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی شکست اور ٹیم کا مورال ڈاؤن کرنے میں ان کا ہاتھ ہے ۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقار یونس ہٹ دھرمی کے پیچھے نجم سیٹھی اور سبحان احمد بھی ہیں جنہوں نے وقار یونس کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے پاکستان کی کرکٹ کو بچانے کیلئے وزیراعظم کو اپیل کر تے ہیں کہ ان لوگوں کے چنگل سے کرکٹ بورڈ کو آزاد کرایا جائے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اچھے کھلاڑیوں کو ضائع کررہے ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن خان نے آن لائن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں موجود کرپٹ لوگوں پر کیا تبصرہ کروں ان لوگوں نے کرکٹ تباہ کردی ہے بات کرنے کا جب کوئی فائدہ نہ ہو تو تبصرہ کرنا فضول ہے ۔ لیگ اسپنر دانش کنیریا نے آن لائن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے پہلے یونس خان کو ریٹائرمنٹ لینے پر مجبور کیا اب یہی رویہ احمد شہزاد کے ساتھ روا رکھا جارہا ہے ، ہیڈ کوچ کے بارے میں جاوید میانداد اور سرفراز نواز کی رائے اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا انگلنڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کی جو کارکردگی ہے اس حوالے سے سارے سوالات ہیڈ کوچ سے پوچھنے والے ہیں