پاک بھارت سیریز کا فیصلہ ہوجائے تو پلان بی بھی سامنے آجائے گا، شہریار خان

جمعہ 20 نومبر 2015 21:49

پاک بھارت سیریز کا فیصلہ ہوجائے تو پلان بی بھی سامنے آجائے گا، شہریار ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 نومبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پاک بھارت سیریز کا فیصلہ وزیراعظم نوازشریف خودکریں گے۔جائلز کلارک پاک بھارت سیزیز کیلئے کوششیں کررہے ہیں پاک بھارت سیریز کا فیصلہ ہوجائے تو پلان بی بھی سامنے آجائے گا،عمر اکمل کیخلاف تحقیقات میں کچھ ثابت نہیں ہوا۔ایک یا دو میچ ہارنے سے ٹیم میں تبدیلیاں نہیں کی جاتیں، کپتان اور کوچ کو میری مکمل حمایت حاصل ہے،پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا۔

وہ جمعہ کو یہاں دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔شہریار خان نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ پاک بھارت سیریز کا فیصلہ جلد ہوجائے،جائلز کلارک سے بات ہوئی ہے وہ کرکٹ کی بہتری کی خاطر پاک بھارت سیریز کا انعقاد چاہتے ہیں اور اس حوالے سے دونوں بورڈز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

شہریار خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ سیریز ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ ہوجائے تو پلان بی بھی سامنے آجائے گا،ہم نے پلان بی پر کام مکمل کیا ہواہے،بی سی سی آئی چیئرمین ششانک منوہر کی جانب سے پاک بھارت سیریز صرف بھارت میں کرانے کے بیان کے سوال کے جواب میں پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ ہمارا موقف سب کے سامنے ہے بارباراس کو دہرانا اچھا نہیں سمجھتا انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اورون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا ہے اس سے پہلے میں نے پاکستانی کھلاڑیوں کی ایسی فیلڈنگ نہیں دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتے ہیں ایک یا دو میچ ہارنے سے ٹیم میں تبدیلیاں نہیں کی جاتیں،چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کپتان اور کوچ کو میری مکمل حمایت حاصل ہے۔عمر اکمل کیخلاف تحقیقات میں کچھ ثابت نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :