کراچی فش ہاربر پر چینل جام ،3دن سے لانچز کی آمد و رفت معطل

پیر 23 نومبر 2015 11:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 نومبر۔2015ء ) کراچی فش ہاربر پر 3 دن سے چینل جام ہونے سے ماہی گیروں کی لانچز کی آمد و رفت معطل ہوگئی ۔فشری ذرائع کے مطابق جمعرات کو جیٹی پر آمدورفت کے دوران لانچیں پھنس گئی تھیں، جنہیں نکالنے کی اپنی مدد آپ کے تحت کوشش کی گئی جو ناکام ہوئی، جس کے بعد ماہی گیری کے بعد مزید لانچز پہنچتی رہیں اور اتوار کی شام فش ہاربر کی برتھ نمبر 1 سے 10 تک کوئی لانچ نہیں پہنچ سکی تھی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق فشری میں ماہی گیروں کی چھٹی بڑی لگ بھگ 150 لانچیں ماہی گیری کے لئے روانہ ہونے کے لئے تیار کھڑی ہیں، مگر انہیں باہر نکلنے کا راستہ نہیں مل رہا۔ماہی گیروں کے مطابق اسی طرح فشنگ کرکے واپس پہنچنے والی 70 سے زائد لانچز جیٹی پر لگنے کے لئے سمندر میں کھڑی ہیں اور ان میں موجود کروڑوں روپے کی مچھلی اور جھینگا خراب ہونے کا خدشہ ہے، اس صورتحال سے ماہی گیر سخت پریشان ہیں۔لانچ مالکان کے مطابق چینل کھولنے کیلئے فشری انتظامیہ اپنا کردار ادا نہیں کررہی ہے، فشری کے بیشتر افسران دو دن کی چھٹی کے بعد بھی اپنے گھروں پر بیٹھے ہیں۔

متعلقہ عنوان :