یو اے ای میں ہوم سیریز کھیلنے کی بجائے گھر پر ہی ’محفوظ‘ وینیو تیار کرنا شروع کریں،راجیو شکلا کا پاکستان کو مشورہ

پیر 23 نومبر 2015 13:13

یو اے ای میں ہوم سیریز کھیلنے کی بجائے گھر پر ہی ’محفوظ‘ وینیو تیار ..

ممبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 نومبر۔2015ء) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سینئر عہدے دار او ر آئی پی ایل کے چیئرمین راجیو شکلا نے پاکستان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ یو اے ای میں ’ہوم‘ سیریز کھیلنے کے بجائے گھر پر ہی ایک محفوظ وینیو تیار کرنا شروع کر دیے۔ شکلانے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوہے کہا کہ یو اے ای میں کھیلنے کیلئے رضا مند ہونے کے بجائے پاکستان کو چاہیے کہ وہ محفوظ وینیوز پر کام کرے۔

’اگر پاکستان اسی طرح یو اے ای میں کھیلتا رہا تواس کی کرکٹ آہستہ آہستہ ختم ہوتی جائے گی۔ لاہور کو با آسانی ایک محفوظ وینیو کی شکل دی جا سکتی ہے‘۔شکلا کے مطابق، اگر پی سی بی لاہور میں گراوٴنڈ کے قریب ایک ٹیم ہوٹل تیار کر لے، جس میں مناسب سیکیورٹی فراہم ہو تو پھر انڈیا کو لاہور میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

تاہم، شکلا نے واضح کیا کہ انڈیا اْسی صورت لاہور میں کھیلنے کو تیار ہو گا جب پاکستان آئی سی سی کو مناسب سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائے اور دوسرے ممبر بورڈز کو بھی یہاں کھیلنے پر اعتراض نہ ہو۔

’اگر لاہور کو محفوظ وینیو بنا دیا جائے تو سبھی یہاں کھیلنے آئیں گے‘۔جب شکلا کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان گزشتہ سال طے پانے والا معاہدہ یاد دلایا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ اس مرتبہ پاکستان آئے اورانڈیا میں کھیلے۔ ہم پاکستان کو ہوم سیریز نہ ہونے کے مالی نقصان کا ازالہ کرنے کو بھی تیار ہیں‘۔شکلا کے مطابق، جب پاکستان میں چیزیں بہتر ہوں گی تو ’ہم وہاں جا کر ایک دو سیریز کھیل سکتے ہیں‘۔

ایک سوال کے جواب میں شکلا کا اصرار تھا کہ پاکستان کا انڈیا میں کھیلنا غلط نہیں ہو گا کیونکہ بی سی سی آئی مہمان ٹیم کو مناسب سیکیورٹی اور مالی نقصان کا ازالہ بھی کرے گی۔’میرے خیال سے اس میں کوئی مضائقہ نہیں اسے کیوں انا کا مسئلہ بنایا جائے اور صرف دبئی میں کھیلنے پرکیوں اصرار جاری رکھا جائے‘۔جب شکلا سے پوچھا گیا کہ آخر انڈیا کیوں یو اے ای میں کھیلنے کو تیار نہیں ، جبکہ پچھلے سال یہاں آئی پی ایل کے کچھ میچ بھی کھیلے جا چکے ہیں؟ تو انہوں نے صرف اتنے کہنے پر اکتفا کیا کہ پاکستان کو اس پر بڑا مسئلہ نہیں کھڑا کرنا چاہیے۔

شکلا نے کہا کہ پی سی بی وفد کے دورہ ممبئی میں شیو سینا کے کارکنوں نے انہیں تنگ یا ہاتھ نہیں لگایا۔’وہ ونکھڈا سٹیڈیم آئے اور بی سی سی آئی صدر سے بات کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ انہوں نے مہمان وفد کو تنگ نہیں کیا‘۔

متعلقہ عنوان :