انگلش پریمئیر لیگ : لیور پول نے مانچسٹر سٹی کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا

پیر 23 نومبر 2015 14:49

انگلش پریمئیر لیگ : لیور پول نے مانچسٹر سٹی کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23نومبر- 2015ء) انگلش پریمیئر لیگ فٹ بال میں لیورپول نے مانچسٹرسٹی کو عبرتناک شکست دے کر تیسرے نمبرپر دھکیل دیا ہے جب کہ چیلسی بھی سات میچوں میں ناکامی کی خفت کے بعد ناروچ سٹی کو زیر کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔ گزشتہ روز اتحاد اسٹیڈیم مانچسٹر میں 54ہزار سے زائد شائقین کے سامنے کھیلے گئے میچ میں میزبان مانچسٹرسٹی کو لیورپول نے 4-1سے شکست دے کر دوسری ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے ۔

مہمان لیورپول نے میچ شروع ہوتے ہی برازیلین کھلاڑیوں کے شاندار کھیل کی بدولت میزبان سائیڈ کو دبائو میں لیتے ہوئے محض آدھے گھنٹے کے کھیل میں تین گول داغ کر مانچسٹرسٹی کو چکراکر رکھ دیا ۔ کھیل کے ساتویں منٹ میں فلپ کونٹینیو اوررابرٹوفرمینو کی کوششوں سے مانچسٹرسٹی کے ڈیفینڈر ایکولم منگالانے اون گول کرکے لیورپول کو سبقت دلادی جس کے بعد 22ویں منٹ میں ایک بار پھر فلپے کونٹینہو نے شاندار کک کے ذریعے گیند کو جال میں ڈال کر ٹیم کیلئے دوسرا گول کردیا۔

(جاری ہے)

دس منٹ بعد ایک بار پھر فلپے کونٹینہو کے شاندار پاس پر رابرٹو فرمینو نے گول کرکے برتری کو 3-0کردیا اور میچ پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا۔ پہلا ہاف ختم ہونے سے محض ایک منٹ قبل انجری کے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل ہونے والے سرجیو اگوئیرو نے 25گز کی دوری سے گیند کو جال میں ڈال کر خسارے کو 3-1کیا۔ دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی لیورپول نے اپنا شاندار کھیل جاری رکھا اور میزبان سائیڈ کو کھل کر کھیلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔

اس موقع پر مانچسٹرسٹی کو گول کرنے کے کچھ مواقع بھی ملے مگر اس کے کھلاڑی فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے ۔ میچ ختم ہونے سے محض نومنٹ قبل لیورپول کے ڈیفینڈر مارٹن اسکارٹل نے 18گزکی دوری سے جاندار کک لگا کر برتری کو 4-1 کردیا اورمیچ اسی سکورپر اختتام کو پہنچا ۔ ادھر سٹیمفورڈ برج ،لندن میں کھیلے گئے میچ میں چیلسی بالآ خر سات میچوں میں شکست کی خفت مٹانے میں کامیاب ہوگئی جس نے ڈیگوکوسٹا کے گول کی بدولت ناروچ سٹی کو 1-0سے قابو کرکے جیت کا مزہ چکھا ۔

مانچسٹریونائیٹڈ نے ویٹفورڈ کو 2-1، ایورٹن نے آسٹن ولا کو 4-0، اسٹاک سٹی نے سائوتھمپٹن کو 1-0، ویسٹ بروم نے آرسنل کو 2-1جبکہ سوانسی اور بورنے مائوتھ کا میچ 2-2سے برابر رہا ۔ لیسٹرسٹی نے نیوکاسل یونائیٹڈ کو3-0 سے زیر کرکے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے ۔