انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز ، پاکستان نے ہتھیاروں کو دھار لگانا شروع کردی

پیر 23 نومبر 2015 15:35

انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز ، پاکستان نے ہتھیاروں کو دھار لگانا شروع ..

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23نومبر- 2015ء) آئندہ سال فروری میں بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20میں میزبان بھارت اور پاکستان ایک ہی گروپ میں ہیں۔ ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لئے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستان کی کارکردگی اہم ترین ہوگی۔ دو سال پہلے بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم پہلے رائونڈ سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی جس کے بعد محمد حفیظ کو قیادت سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔

اب شاہد آفریدی کو اپنے آخری آئی سی سی ٹورنامنٹ کو اپنی کارکردگی سے یادگار بنانا ہوگا ۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں نے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے ختم ہونے کے بعد تیسرے فارمیٹ ٹی 20 کے لئے اتوار سے آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

مصباح الحق ٹیسٹ سیریز دو صفر سے جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ اظہر علی ون ڈے سیریز کی آزمائش میں ناکام رہے۔

اب شاہد آفریدی کے لئے ایک مشکل آزمائش جمعرات سے شروع ہورہی ہے ۔ دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس سیشن کے ساتھ اپنے اپنے ہتھیاروں کو اہم ترین معرکے کے لئے دھار لگانا شروع کردی ہے ۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں تقریباً تین سال بعد ایک دوسرے کے خلاف ٹی 20 میچ کھیل رہی ہیں۔ تین سال پہلے متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز میں انگلینڈ نے پاکستان کو دو ایک سے شکست دی تھی ۔

انگلش ٹیم نے اوئن مورگن کی قیادت میں انگلش کرکٹ ٹیم نے ون ڈے سیریز میں پاکستان کو تین ایک سے شکست دی تھی۔ مورگن ہی ٹی 20 ٹیم کی بھی قیادت کریں گے ۔ ورلڈ ٹی 20سے قبل شاہد آفریدی اور ان کے کھلاڑیوں کو ٹیم کی رینکنگ اور اپنی کارکردگی میں تسلسل لانا ہے۔ پاکستان کی جس ون ڈے ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں حصہ لیا تھا اس میں چھ تبدیلیاں ہیں۔

کپتان شاہد خان آفریدی کے علاوہ متنازع عمر اکمل، مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود، اوپنر رفعت اللہ مہمند، فاسٹ بولر سہیل تنویر اور عمران خان جونیئر نے دبئی پہنچ کر احمد شہزاد، شعیب ملک، محمد رضوان، سرفراز احمد، بلال آصف، محمد عرفان ، وہاب ریاض اور عامر یامین کو جوائن کر لیا ہے۔39 سالہ رفعت اللہ مہمند ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے سلیکٹرز کو متاثر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔

انہیں مختار احمد کی جگہ اوپنر کی حیثیت سے منتخب کیا گیا ہے۔ امکان ہے کہ وہ احمد شہزاد کے ساتھ اننگز اوپن کریں گے۔ رفعت اللہ جارحانہ بیٹنگ اور غیر معمولی فیلڈنگ کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔ رفعت اللہ کا کہنا ہے کہ میرا جتنا بھی کیر یئر بچا ہے میں چاہوں گا کہ پاکستان کی طرف سے کھیلتے ہوئے اچھی سے اچھی پرفارمنس دوں اور میچ جتوا سکوں۔ میری سلیکشن درحقیقت تمام کرکٹروں کے لیے پیغام بھی ہے کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔

رفعت اللہ مہمند فرسٹ کلاس کرکٹ میں 19سال گزار چکے ہیں۔ اس طویل کیریئر میں ان کے نام کے آگے فرسٹ کلاس کرکٹ میں دوسری وکٹ کے لیے 580 رنز کی سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ بھی درج ہے۔ دسمبر 2009ء میں عامر سجاد کے ساتھ قائم کی گئی اس شراکت میں رفعت اللہ کا اپنا سکور 302رنز ناٹ آؤٹ تھا۔رفعت اللہ کہتے ہیں کہ جب میں نے یہ عالمی ریکارڈ بنایا تو مجھے قوی امید تھی کہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے میں کامیاب ہو جاؤں گا لیکن مجھے موقع نہ ملا سکا جس پر میں بہت زیادہ مایوس تھا ۔

وہ چند سال پہلے افغان کرکٹ ٹیم میں بھی شامل ہوئے لیکن شہریت کے تنازع نے انہیں افغانستان کی جانب سے کھیلنے کے سنہری موقع سے محروم کردیا تھا ۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹی 20 انٹرنیشنل 26، 27 کو دبئی ا ور 30 نومبر کو شارجہ میں کھیلے جائیں گے ۔