سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ نے بزنس مین کی جانب سے لندن میں خریدے گئے فائیواسٹار ہوٹل کی تفصیلات طلب کرلیں

پیر 23 نومبر 2015 16:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 نومبر۔2015ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے پاکستانی بزنس مین کی جانب سے لندن میں خریدے گئے فائیواسٹار ہوٹل کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔ نیب سے ایم سی بی کی نجکاری کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اہم ترین اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہاوس میں طلب کرلیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا کریں گے۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ کمیٹی نے وزارت خزانہ سے منگل کو ہونے والے اجلاس میں پاکستانی بزنس مین کی جانب سے لندن میں خریدے گئے فائیو اسٹار ہوٹل کی تفصیلات طلب کرلی ہیں ۔ وزارت خزانہ سے اس سرمایہ کاری سے متعلق تمام ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کیس سے متعلق وزارت خزانہ سے جولائی میں بھی تفصیلات طلب کی گئی تھیں تاہم وزارت خزانہ کی جانب سے کوئی تسلی نخش جواب نہیں دیا گیا۔

قائمہ کمیٹی خزانہ نے جولائی میں بھی وزارت خزانہ سے اس سرمایہ کاری سے متعلق ریکارڈ طلب کیا تھا تاہم حکومت کی جانب سے اس کا تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ سینیٹرسلیم مانڈوی والا نے ایم سی بی کی نجکاری سے متعلق نیب کی کارکردگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب حکام بظاہر اس کیس کو دبانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کمیٹی نے بارہا ایم سی بی کی نجکاری کے خلاف تحقیقات ہنگامی بنیادوں پر کرنے کی سفارش کی ہے تاہم نیب حکام نے کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں دکھائی۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ کمیٹی شماریات ڈویژن، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ، پاکستان منٹ فیکٹری اور ایس ایم ای بنک کی کارکردگی کا جائزہ بھی لے گی۔ اجلاس میں ایوان بالا کی جانب سے بھیجی گئی صوبہ خیبر پختونخواہ کے 24 مطالبات کا جائزہ بھی لیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :