بے نظیر شہید کی امدادی رقم پر ڈاکہ ڈالنے والے نے روٹی کپڑا مکان کے نعرے پر کالک مل دی ہے،پیپلزپارٹی (نظریاتی)

پیر 23 نومبر 2015 17:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی( نظریاتی گروپ) سندھ کے کنوینر امداد بھٹو ،، نور ابراہیم ، نادر مگسی ،شبیر لاکھو، ریاض گل بونیری ، کامریڈ شاہنواز اور جہانگیرولی بنگش نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پی پی پی پر زکوة چوروں اور بے نظیر شہید کی امدادی رقم پر ڈاکہ ڈالنے والے نے روٹی کپڑا مکان کے نعرے پر کالک مل دی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی( نظریاتی گروپ) سندھ پی پی پی میں چھپے گندے انڈوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کرے گی۔

ڈسٹرکٹ ویسٹ کے کرپٹ جنرل سیکرٹری صدیق اکبر نے زکوة فنڈ اور جہیز فنڈ کے علاوہ امدادی رقوم میں لاکھوں روپے اپنے رشتے داروں میں تقسیم کئے ، پارٹی کی جانب سے ضلع کو ملنے والے رکشے ملی بھگت کرکے فروخت کردیئے، جبکہ اس کرپٹ ٹولہ کے آلہ کار اور رشتہ دار روح الامین نادرا آفس سائٹ میں جعلی شناختی کارڈ بنانے کے مذموم عمل میں مصروف ہیں ، کرپٹ صدیق اکبر دونوں ہاتھوں سے پارٹی کے نام لوٹ مار مچا رہا ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ پورے ضلع میں پارٹی انتہائی خراب پوزیشن میں آچکی ہے ۔

(جاری ہے)

ضلعی جنرل سیکرٹری کی مکمل سرپرستی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ندیم بھٹو کرتا ہے جیسے رشوت اور کالے دھندوں میں برابر کا حصہ باقاعدہ فرنٹ مین ہارون رشید کے ہاتھوں سے پہنچایا جاتا ہے ، ہارون رشید اور صدیق اکبر جعلی چائے کی پتیوں کے کاروبار اور دیگر ملٹی نیشنل کمپنیوں کی مصنوعات کی جعلسازی کا کاروبار عرصہ دراز سے کر رہے ہیں گذشتہ دنوں ایک نجی چینل کے ہمراہ ڈی ایس پی منگھو پیر اور ایس ایچ او پیرآباد نے چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کی جعلی مصنوعات برآمد کی تھی ، لیکن بعد میں اپنا سیاسی اثر رسوخ استعمال کرکے دوبارہ مکروہ دھندے میں مشغول ہوچکے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی( نظریاتی گروپ) سندھ صدیق اکبر ہارون رشید اور ندیم احمد بھٹو جیسے گندے انڈوں اور پارٹی میں کرپشن اقربا پروری اور نوکریاں، رکشے ، پلاٹ بیچنے والوں اور پانی چور، بھتہ خوروں کے سخت خلاف ہے اور ان کے مذموم کردار سے پردہ اٹھانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :