Live Updates

کراچی ،انتخابی مہم کے دوران سیاسی اور مذہبی جماعتوں میں اتحاد اور بھائی چارگی کی فضاء قائم

ایم کیو ایم کے اکثریتی علاقوں میں پی ٹی آئی ، پیپلزپارٹی ، مہاجر قومی موومنٹ ، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی مہم بھی جاری

پیر 23 نومبر 2015 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 نومبر۔2015ء ) کراچی میں ایک جانب بلدیاتی انتخابات کے لیے سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے تشہیری مہم چلائی جا رہی ہے ۔ وہاں سب سے دلچسپ بات یہ دیکھنے میں آئی ہے کہ اس مہم کے دوران سیاسی اور مذہبی جماعتوں میں اتحاد اور بھائی چارگی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔ ایم کیو ایم کے اکثریتی علاقوں میں جہاں متحدہ نے تشہیری مہم کے تحت جھنڈے ، بینرز آویزاں کیے ہوئے ہیں ، وہیں ان علاقوں میں پی ٹی آئی ، پیپلزپارٹی ، مہاجر قومی موومنٹ ، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے بھی اپنی تشہیری مہم کے تحت جھنڈے ، بینرز اور پینا فلیکس آویزاں کیے ہوئے ہیں ۔

سروے کے دوران یہ دیکھنے میں آیا کہ شاہراہ پاکستان ، گرومندر ، پی آئی بی کالونی ، لائنز ایریا ، برنس روڈ ، ریگل چوک ، ملیر ، کورنگی ، لانڈھی ، شاہ فیصل کالونی ، فیڈرل بی ایریا اور دیگر علاقوں کے بجلی کے پولز اور گلی محلوں میں ایک جانب اگر ایم کیو ایم کا جھنڈا یا بینر لگا نظر آتا ہے تو اسی پول کے اوپر یا نیچے پی ٹی آئی ، جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی سمیت مہاجر قومی موومنٹ کے جھنڈے میں بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس انتخابی مہم سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ شہر میں طویل عرصے بعد یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ تمام علاقوں میں ہر جماعت کو آزادانہ مہم چلانے کی اجازت ہے اور کوئی جماعت اپنی مخالف جماعت کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈال رہی ہے اور مہم کے دوران بھائی چارگی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات