پاکستان فلور ملزایسوسی ایشن کا 2دسمبر سے ملک بھر میں آٹے کی پیداوار بند کرنے کا فیصلہ

ہنگامی اجلاس میں ملک گیر ہڑتال کے علاوہ دھرنوں اور باقاعدہ احتجاجی تحریک کا بھی اعلان بھی کیا جائیگا ،وفاق اور صوبوں کی نوقر شاہی گندم مصنوعات کی برآمد کے راستے میں غیر قانونی اور غیر اخلاقی مسائل پیدا کر کے پاکستان کی فلور ملنگ انڈسٹریز کو تباہ کر نے کی سازشوں میں مصروف ہیں،پاکستان فلور ملزایسوسی ایشن کے رہنماؤں عاصم رضا احمد ، چوہدری افتخار مٹو ، لیاقت علی خان و دیگر کی پریس کانفرنس

پیر 23 نومبر 2015 23:20

پاکستان فلور ملزایسوسی ایشن کا 2دسمبر سے ملک بھر میں آٹے کی پیداوار ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 نومبر۔2015ء ) پاکستان فلور ملزایسوسی ایشن نے 2دسمبر سے ملک بھر میں آٹے کی پیداوار بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ،ہنگامی اجلاس میں ملک گیر ہڑتال کے علاوہ دھرنوں اور باقاعدہ احتجاجی تحریک کا بھی اعلان بھی کیا جائیگا جبکہ عہدیداران کا کہنا ہے کہ وفاق اور صوبوں کی نوقر شاہی گندم مصنوعات کی برآمد کے راستے میں غیر قانونی اور غیر اخلاقی مسائل پیدا کر کے پاکستان کی فلور ملنگ انڈسٹریز کو تباہ کر نے کی سازشوں میں مصروف ہیں ملیں بند کر کے ان کی چابیاں صوبوں کے متعلقہ وزیر اعلیٰ کو پیش کر دیں گے ،افسر شاہی شرافت کی زبان سمجھنے سے قاصر ہے ہم اپنا کاروبار بچانے کے لئے کوئی بھی بڑا قدم اٹھانے کے لئے تیار ہیں پہلے ہی پچاس فیصد ملیں بند اور ہزاروں ملازم اپنے روزگار سے فارغ ہو چکے ہیں ملک بھر میں آٹے کی پیداوار مجبوری کے تحت بند کر رہے ہیں عوام بھی ہمارا ساتھ دے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار مرکزی چیئرمین نعیم بٹ گروپ لیڈر عاصم رضا احمد ،پنجاب کے چیئرمین چوہدری افتخار مٹو ،لیاقت علی خان ،میاں ریاض ،سندھ کے چیئرمین سامن مل حاجی یوسف، میاں شاہد اسحاق اور دیگر مرکزی آفس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ عاالمی مارکیٹ میں پاکستان کی گندم کی مستقل مارکیٹ بنانے اور کھربوں روپے مالیٹ کی ملکی فلور ملنگ انڈسٹری کی بقأ کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے متفقہ فیصلے کے مطابق سندھ اور پنجاب سے 12لاکھ ٹن سرکاری گندم کی اور اس کی مصنوعات کی بلا تعطل برآمد جاری رکھی جائے۔

زمینی راستے سے سوجی ، میدہ ، فائن آٹا کی ایکسپورٹ کی اجازت دی جائے۔اگر ایسا ممکن نہیں ہے تو پھر فلور ملنگ انڈسٹری کے معاشی تحفظ اور افغانستان کی مارکیٹ پر بھارتی اور قازقستان کا قبضہ روکنے کیلئے حکومت ہمیں ڈیوٹی فری گندم امپورٹ کرکے گندم اور اسکی مصنوعات ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے۔ سوجی اور میدہ اور فائن آٹا کی بھی ربیٹ کے ساتھ ایکسپورٹ کی اجازت دے۔

حکومت چاروں صوبوں میں گندم کے یکساں نرخ مقرر کرے تاکہ ملک بھر کے عوام آٹا کی یکساں قیمت ادا کریں افغانستان حکومت کی جانب سے گندم اور اس کی مصنوعات کی ایکسپورٹ پر عائد ڈیوٹی ختم کروانے کیلئے حکومت اپنا کردار ادا کرے اگر حکومت ہمارے مطالبات پر غور نہیں کرتی اور اپنے ہی فیصلے پر عمل درآمد نہیں کرواتی اور افسر شاہی کے اشاروں پر ناچتی رہی تو پھر دمادم مست قلندر کرنے کے لئے سڑکوں پر آنا پڑے گا ہم جانتے ہیں کہ جب تک اینٹ کا جواب پتھر سے نہیں دیں گے بیوروکریسی کو سمجھ نہیں آئے گی اس لئے کشتیا جلا کر میدان میں نکلیں گے انہوں نے کیا کہ ہمار کھربوں روپے فلور ملنگ انڈسٹریز پر لگے ہوئے ہیں اس لئے افسر شاہی من مانے فیصلے نہیں کر سکتے انہوں وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور گندم مصنوعات کی اجازت پر عمل درآمد کراوئیں اور ہماراکاروبار بچائیں ۔