بھارت کی عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے عامر خان کی حمایت کر دی

انوپم کھیر اور بی جے پی رہنما منوج تیواڑی کی تنقید

منگل 24 نومبر 2015 12:01

بھارت کی عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے عامر خان کی حمایت ..

نئی دہلی ۔ 24 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 نومبر۔2015ء) بھارت کی عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہاپسندی بارے ہالی وڈ سٹار عامر خان کے خیالات کی حمایت کرتے ہوئے مرکزی حکمران جماعت بی جے پی پر زور دیا ہے کہ وہ شہریوں میں تحفظ کا احساس پیدا کرنے کیلئے اقدامات کرے۔

دوسری طرف معمر اداکار انوپم کھیر نے عامر خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لوگوں میں خوف نہ پھیلائیں، امید کا پرچار کریں۔ نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ عامر خان نے جو کچھ بھی کہا وہ حقیقت ہے اور میں حقائق آشکار کرنے پر ان کا معترف ہوں۔ بی جے پی مخالفانہ آوازوں کو دھمکیوں ، گالیوں اور تشدد کے ذریعے بند کرنے کا سلسلہ ختم کرے۔

(جاری ہے)

اس وقت سب سے زیادہ ضرورت اس بات کی ہے کہ بھارت کی مرکزی حکومت اپنے شہریوں میں تحفظ کا احساس پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ مرکز میں حکمران اتحاد کی سربراہ بی جے پی کے ایک رہنما منوج تیواڑی نے عامر خان کے تبصرے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ بھارت میں موجود صورتحال سے اتنے ہی خوفزدہ ہیں تو ملک چھوڑ کر چلے جائیں۔ دریں اثناء انوپم کھیر نے ٹوئٹر پر اپنے تبصرے میں عامر خان سے سوال کیا کہ کیا وہ لاکھوں بھارتی شہریوں کو ملک چھوڑنے کا مشورہ دیں گے یا انہیں حکومت کی تبدیلی تک انتظار کرنے کو کہیں گے۔

انہوں نے عامر خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بھارت میں درپیش منفی صورتحال کا ذکر تو کردیا لیکن ساتھ ہی ساتھ نا امید بھی ہوگئے۔ آپ کو مشکل وقت میں خوف کی بجائے امید پھیلانا چاہئے تھی۔ انوپم کھیر نے عامر خان سے مزید پوچھا کہ انہوں نے اپنے خدشات کا اظہار اس سے پہلے کیوں نہ کیا۔ انہوں نے اپنی بیوی کرن راؤ سے یہ کیوں نہ پوچھا کہ وہ بھارت کو چھوڑ کر کون سے ملک جانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے اپنی اہلیہ سے یہ کیوں نہ پوچھا کہ آپ کو کس ملک نے سٹار بنایا۔

متعلقہ عنوان :