قومی جوڈو کھلاڑی شاہ حسین شاہ گرینڈ پری میں شرکت کیلئے کوریا روانہ

منگل 24 نومبر 2015 12:02

قومی جوڈو کھلاڑی شاہ حسین شاہ گرینڈ پری میں شرکت کیلئے کوریا روانہ

اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 نومبر۔2015ء)قومی جوڈو کھلاڑی شاہ حسین شاہ گرینڈ پری میں شرکت کیلئے منگل کو کوریا روانہ ہوگئے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مسعود احمد خان کے مطابق گرینڈ پری 25 سے 29 نومبر تک کوریا میں ہوگی جس میں شاہ حسین شاہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ برازیل میں ہونے والے اولمپکس گیمز میں کوالیفائی کرنے کیلئے بہت اہم ہے۔

گرینڈ پری کوالیفیکیشن راؤنڈ ہے اس میں شاندار کارکردگی سے ان کی عالمی رینکنگ میں بہتری آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور یو اے ای میں بین الاقوامی مقابلوں کیلئے شاہ حسین شاہ کو ویزانہ ملنے کی وجہ سے ان کی عالمی رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے۔ پہلے ان کی عالمی رینکنگ 44 تھی اب وہ 48 ویں نمبر پر آگئے ہیں اگر گرینڈ پری میں وہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے تو ان کی عالمی رینکنگ بہتر ہوجائے گی بلکہ برازیل میں ہونے والے اولمپکس گیمز کیلئے ان کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گرینڈ پری میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے اور اس میں کانٹے دار مقابلوں کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان جوڈو فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے گرینڈ پری کیلئے بروقت این او سی اور ویزا جاری کیا۔ مسعود احمد خان نے کہا کہ شاہ حسین شاہ نے مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کا نام روشن کیا ہے اور توقع رکھتے ہیں کہ گرینڈ پری میں بھی وہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستان کا نام روشن کریں گے۔