پاکستان ، بھارت کا دو طرفہ سیریزکے انعقاد پر اتفاق ، دونوں بورزڈ حکومتی اجازت سے نومبر کے آخرمیں اعلان کرینگے

منگل 24 نومبر 2015 13:09

پاکستان ، بھارت کا دو طرفہ سیریزکے انعقاد پر اتفاق ، دونوں بورزڈ حکومتی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ سیریز کا انعقاد سری لنکا میں کرانے پر اتفاق ہو گیا ہے اور دونوں بورڈز اپنی حکومتوں کی اجازت کے بعد رواں ماہ کے آخر میں باقاعدہ اعلان کریں گے۔پی سی بی کے مصدقہ ذرائع نے تصدیق کی کہ پی سی بی اور بھارت بورڈ نے دسمبر میں سیریز کا انعقاد سری لنکا میں کرانے پر اتفاق کرلیا ہے تاہم اس سلسلے میں باضابطہ اعلان دونوں بورڈز اپنی حکومتوں کی اجازت سے رواں ماہ کے آخر میں کریں گے ۔

مصدقہ ذرائع نے تصدیق کی کہ دبئی کے آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان اور ششانک منوہر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھارت نے آخری کوشش کے طور پر سیریز کے اپنے ملک میں انعقاد ‘ پی سی بی نے یو اے ای میں سیریز منعقد کرانے کی کوششیں کیں تاہم دونوں فریقین ایک دوسرے کو راضی نہ کرسکے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد بنگلہ دیش اور سری لنکا کا معاملہ زیر غور آیا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے بجائے سری لنکا کو ترجیح دی جسے بی سی سی آئی نے بھی بحیثیت نیوٹرل وینیو تسلیم کرتے ہوئے سیریز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی۔

پاکستان اور بھارت نے گزشتہ سال ایک معاہدے کی یادداشت پر دستخط کیے تھے جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان 2015 سے 2023 تک چھ دو طرفہ سیریز کھیلی جانی ہیں اور اس سلسلے کی پہلی سیریز رواں سال متحدہ عرب امارات میں شیڈول تھی جو اب ممکنہ طور پر سری لنکا میں کھیلی جائے گی۔دونوں ممالک کے درمیان بیس دسمبر سے تین جنوری تک سیریز کا انعقاد کولمبو اور پالی کیلے میں ہونے کے زیادہ امکانات ہیں جبکہ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی کا شیڈول جلد مرتب کر لیا جائے گا۔

پی سی بی ذرائع اس حوالے سے مطمئن ہیں کہ پی ایس ایل کے انعقاد سے کچھ عرصے قبل روایتی حریف کے خلاف ہوم سیریز کے انعقاد کی صورت میں اسے تین ارب روپے کا منافع حاصل ہوگا ‘ پی سی بی کی ہوم سیریز اور منافع کے معاملے پر انڈین بورڈ بھی آمادہ ہوگیا ہے۔تاہم سینئر بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ بھی منافع کیلئے منصوبہ بندی کر رہا ہے اور معاملہ طے پایا تو کوئی ٹائٹل اسپانسر بھارت بھی حاصل کرسکتا ہے۔

دوسری جانب اس سیریز کے انعقاد اور دونوں فریقین کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے والے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک کا جلد دورہ پاکستان بھی متوقع ہے۔جائلز کلارک آئی سی سی کی پاکستان ٹاسک فورس کے سربراہ کے طور پی سی بی اور بی سی سی آئی سربراہان ملاقات میں شریک ہوئے تھے۔نجم سیٹھی نے محمد عامر کی سزا میں نرمی اور ڈومسیٹک کرکٹ کھیلنے کی چھ ماہ قبل اجازت ملنے کی آئی سی سی میں جو بات پیش کی تھی اسے ذرائع کے مطابق جائلز کلارک کی حمایت حاصل تھی اور اسی بات نے محمد عامر کے حق میں فیصلہ کرانے میں اہم کرداد ادا کیا اور ایک بار پھر انہوں نے اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے سیریز کے انعقاد کی راہ ہموار کرائی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان 2007 میں انڈیا میں کھیلی گئی کرکٹ سیریز کے بعد سے کوئی باقاعدہ مکمل کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی۔بھارت کو اس کے بعد اگلی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنا تھا تاہم 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات کے ساتھ ساتھ کرکٹ تعلقات بھی متاثر ہوئے اور اس کے بعد متعدد کوششوں کے باوجود کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی جا سکی اس سلسلے میں 2012 میں اس وقت معمولی پیشرفت ہوئی تھی جب پاکستان نے دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے بھارت کا دورہ کیا تھا جس کے بعد تعلقات میں کچھ بہتری آنا شروع ہوئی تھی تاہم سرحدی کشیدگی کے سبب دونوں ملکوں کے تعلقات ایک بار پھر کشیدہ صورتحال اختیار کر گئے۔

متعلقہ عنوان :