ٹی 20 میں انگلینڈ کا شکار کرنے کے لیے گرین شرٹس نے ہتھیار تیز کرلیے

منگل 24 نومبر 2015 13:43

ٹی 20 میں انگلینڈ کا شکار کرنے کے لیے گرین شرٹس نے ہتھیار تیز کرلیے

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 نومبر۔2015ء) ٹوئنٹی 20 میں انگلینڈ کا شکار کرنے کے لیے گرین شرٹس نے ہتھیار تیز کرلیے، گذشتہ روز ہانگ کانگ سے پریکٹس میچ میں 64 رنز سے فتح نصیب ہوئی،168 رنزکے تعاقب میں نو آموز سائیڈ کا سفر 18 ویں اوور میں 103 پر تمام ہوگیا، مارک چیپمین 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، 8 کھلاڑی 7 رنز سے آگے ہی نہیں بڑھ پائے، بلال آصف اور شاہدا آفریدی نے 2،2 وکٹیں لیں۔

اس سے پہلے پاکستان نے 7 وکٹ پر 167 رنز بنائے، محمد رضوان برق رفتار 55 رنزکے ساتھ ناقابل شکست رہے، عامریامین نے27 رنز اسکور کیے، دباوٴ کے شکار احمد شہزاد کھاتہ تک نہیں کھول پائے، حسیب امجد نے تین اور انشومان راتھ نے 2 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف 3 ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز سے قبل پاکستان نے ہانگ کانگ کو 64 رنز سے زیر کرکے بھرپور پریکٹس حاصل کرلی۔

(جاری ہے)

مہمان سائیڈ کو فتح کیلیے 168 رنز کا ہدف ملا مگر نو آموز بیٹنگ لائن حریف بولنگ اٹیک کی زیادہ تاب نہیں لاسکی، اوپنر وقاص برکت صرف 2 رنز پر سہیل تنویر کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کا کیچ بن گئے، اگلے اوور میں عامر یامین نے بابر حیات کو 6 کے انفرادی اسکور پر چلتا کیا، ان کا کیچ فرسٹ سلپ میں موجود صہیب مقصود کے ہاتھوں میں محفوظ ہوا۔ دوسرے اوپنر انشومان راتھ قدم جمانے کی کوشش کرتے دکھائی دیے مگر عمران خان کے ڈائریکٹ تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔