ٹی ٹونٹی سیریز ، پاکستان کو رینکنگ میں دوسری پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش

منگل 24 نومبر 2015 17:28

ٹی ٹونٹی سیریز ، پاکستان کو رینکنگ میں دوسری پوزیشن بچانے کا چیلنج ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء )پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کلین سویپ یا ایک کے مقابلے میں دو میچز سے کامیابی کی صورت میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر ہی براجمان رہے گی تاہم انگلینڈ کے ایک کے مقابلے میں دو میچز جیتنے کی صورت میں پاکستان فہرست میں چوتھے اور تینوں میچز ہارنے کی صورت میں چھٹی پوزیشن پر چلا جائے گا ۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کل جمعرات سے دبئی میں شروع ہو رہی ہے۔پاکستان عالمی رینکنگ میں 121 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ 107 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔عالمی رینکنگ میں سری لنکا پہلے نمبر پر ہے ۔اگر پاکستان اس سیریز میں ایک کے مقابلے میں دو میچزسے فتح یاب رہتا ہے تو دونوں کی پوزیشن برقرار رہے گی لیکن اگر نتیجہ اس کے برعکس آتا ہے تو پھر پاکستان ،آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ ہوگا اور ان کے مجموعی پوائنٹس 118 ہوں گے۔

(جاری ہے)

چونکہ رینکنگ کا فیصلہ اعشاریہ پوائنٹس پر ہوتا ہے اس لیے پاکستان کو چوتھا درجہ ملے گا جبکہ انگلینڈ ، بھارت اور نیوزی لینڈ کو پھلانگتا ہوا چھٹی پوزیشن پر پہنچ جائے گا۔لیکن اگر انگلینڈ سیریز میں صفر کے مقابلے تین سے جیت حاصل کرتا ہے تو وہ 117 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہوگا جبکہ پاکستان 114 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر چلا جائے گا۔لیکن اگر اس کے برعکس پاکستان تینوں میچ میں کامیابی حاصل کرتا ہے تو وہ سری لنکا کے ساتھ 125 پوائنٹس پر ہوگا لیکن اعشاریے کی بنیاد پر وہ دوسرے نمبر پر ہی رہے گا اور انگلینڈ بھی آٹھویں پوزیش پر ہی رہے گا تاہم اس کی ریٹنگ 102 رہ جائے گی۔اگلی رینکنگ یکم دسمبر کو جاری کی جائے گی۔