بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے کرکٹ سیریزکے منافع میں سے حصہ مانگ لیا ،پی سی بی کا صاف انکار

منگل 24 نومبر 2015 17:55

بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے کرکٹ سیریزکے منافع میں سے حصہ مانگ لیا ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء ) بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے کرکٹ سیریزکے منافع میں سے حصہ مانگ لیا تاہم پی سی بی نے سیریز ہونے کی صورت میں کسی بھی طرح کا منافع دینے سے صاف انکار کر دیا ۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جائلز کلارک کی ثالثی کے بعد بھارتی بورڈ سری لنکا میں کھیلنے پر رضا مند تو ہوا ہے لیکن یہ رضا مندی سیریز میں منافع سے حصہ دینے سے مشروط کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان کا موقف ہے کہ پاکستان کی ہوم سیریز میں بھارت کو منافع کیوں دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ کا سیریز میں منافع کا مطالبہ اسی لئے ہے کہ سیریز میں رکاوٹیں کھڑی کی جائیں ۔ 27فیصلہ نومبر کو بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا اورخدشہ یہ ہے کہ بی سی سی آئی یہ کہہ کر سیریز کا معاملہ ہی ختم کردے کہ حکومت نے سری لنکا میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی۔ایک اور ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان سری لنکا میں سیریز ہونے کی صورت میں پاکستان کا سکیورٹی وفد پیشگی دورہ کر کے میچز کے مقامات اور وہاں پر سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لے کر پاکستانی حکومت کو اپنی رپورٹ دیگا ۔