قومی جونیئر ہاکی ٹیم نے ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کرکے قوم سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا،ایک ہفتے میں پی ایچ ایف کو ٹریننگ پلان دیں گے،کوچ طاہر زمان

منگل 24 نومبر 2015 18:38

قومی جونیئر ہاکی ٹیم نے ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کرکے قوم سے کیا ہوا وعدہ ..

لاہور ۔ 24 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 نومبر۔2015ء) قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ قومی جونیئر ہاکی ٹیم نے ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کرکے قوم سے کیا ہوا وعدہ پورا کردیا ہے، ٹیم ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کریگی۔ ایشیا کپ میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔

24 نومبر۔2015ء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طاہر زمان کا کہنا تھاکہ ایشیا کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرنا ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور تمام کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم فائنل میں ٹیم بھارت کے خلاف میچ کا دباؤ برداشت نہ کرسکی اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کی ٹیم نے میچ کے شروع میں ہی تین گول کئے جس سے دباؤ بڑھ گیا جو کہ میچ کے آخر تک برقرار رہا۔

(جاری ہے)

بھارت کی ٹیم کی تیاری پاکستان کے مقابلے میں بہت زیادہ تھی۔ ان کی ٹیم دو سال سے اکٹھا کھیل رہی تھی جبکہ ہر لڑکے نے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ 30 سے 40 میچز کھیلے ہوئے تھے۔ بھارت کے پینلٹی کارنر سپیشلسٹ ہر مان پریت سنگھ نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ پورے ٹورنامنٹ میں اسکے 14گول تھے۔ پاکستان نے سوائے فائنل کے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ ایشیا کپ میں کھلاڑیوں کی جو کمزوریاں سامنے آئی ہیں انہیں اگلے سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ تک دور کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے ایک ہفتے میں پی ایچ ایف کو پلان دیں گے۔ اس میں ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے کم از کم 30 سے 40 انٹرنیشنل میچز کا کھیلنا بھی شامل ہے۔ جونیئر ورلڈ کپ میں ابھی کافی وقت ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ پی ایچ ایف ٹیم کی تیاری کے پلان کو مکمل طور پر عمل در آمد کروائے گی ۔

طاہر زمان نے کہاکہ میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ جونیئر ورلڈ کپ تک ٹیم کو اس قابل کردیا جائے گا کہ وہ ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کو ہراسکے گی۔ ٹیم کو پینلٹی کارنر، گول کیپنگ اور انٹرنیشنل میچز کا دباؤ برداشت کرنے کی تربیت دی جائے گی۔ کھلاڑیوں کے مابین زیادہ سے زیادہ انڈر سٹینڈنگ پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جونیئر ٹیم کے عماد بٹ اور دلبر سینئر ٹیم کا بھی حصہ ہیں لیکن دیگر کھلاڑیوں کو ابھی ڈومیسٹک اور زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے کی ضرورت ہے جس کے بعد ہی انہیں سینئر ٹیم میں شامل کیا جانا چاہئے۔ طاہر زمان نے کہاکہ پی ایچ ایف کو گرانٹ کا ملنا خوش آئند ہے جو کہ ہاکی کی ترقی کیلئے استعمال ہوگی۔

متعلقہ عنوان :