جامعہ کراچی، اپلائیڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر اورآئی سی ایم اے کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط

منگل 24 نومبر 2015 19:46

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء ) جامعہ کراچی کے رئیس کلیہ سماجی علوم وقائم مقام ڈائریکٹر اپلائیڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر پروفیسر ڈاکٹر مونس احمر نے کہا کہ اکیڈیمیاء کا اصل مقصد تدریس وتحقیق کو جدید خطوط پر استوارکرناہے ۔صنعتی ترقی سے روزگار کے مواقع فراہم ہوتے ہیں،اسی تنا ظر میں دنیا بھر میں ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کررہی ہے اور اس سے معیشت فروغ پذیر ہے ،جس پر توجہ دینا چاہیئے۔

صنعتوں کی ترقی کے لئے اکیڈیمیاء اور انڈسٹریز کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔اس ضمن میں مفاہمتی یاداشتوں کا مقصد اپلائیڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر اور دیگر قومی اور بین الاقوامی اداروں کے مابین باہمی تعاون،ریسرچ اور مشترکہ مفاداتی امور پر مثبت باہم پیش رفت کے قوی اور روشن امکانات ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے اپلائیڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر اور انسٹیٹوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹ آف پاکستان (ICMA ) کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کا اہتمام انسٹیٹوٹ ہذا کے آڈیٹوریم میں کیا گیا تھا۔مفاہمتی یاداشت پر دستخط جامعہ کراچی کی جانب سے قائم مقام ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر مونس احمر جبکہ آئی سی ایم اے کی جانب سے کامران جیلانی نے کئے۔ اس موقع پرڈاکٹر ثمینہ خلیل بھی موجود تھیں۔ڈاکٹر مونس احمر نے مزید کہا کہ آئی سی ایم اے ایک معروف تعلیمی ادارہ ہے اور مفاہمتی یاداشت سے دونوں تعلیمی اداروں کو ایک نئی جہت ملے گی ۔کامران جیلانی نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر اور تعلیمی اداروں کے مابین شراکت وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہمارے لئے انتہائی فخر کی بات ہے کہ اپلائیڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر جیسے بڑے تحقیقی ادارے سے ہمارااشتراک ہورہا ہے ۔تقریب میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر ثمینہ خلیل نے انجام دیئے۔

متعلقہ عنوان :