جیفری بائیکاٹ نے محمد عامر کو بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اور موقع دینے کی حمایت کردی

منگل 24 نومبر 2015 19:52

جیفری بائیکاٹ نے محمد عامر کو بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اور موقع دینے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء ) انگلینڈ کے سابق اوپننگ بلے باز جیفری بائیکاٹ نے محمد عامر کو بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اور موقع دینے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو نوجوان بالر محمد عامر کو اس کے ماضی کے باعث نہیں روکنا چاہیے۔ جیفری بائیکاٹ نے پاکستانی ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ میں ہمیشہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتاہوں ، میچ فکسنگ اور سپاٹ فکسنگ کرکٹ کو نقصان پہنچاتے ہیں، ان کی پابندی لمبی ہوسکتی تھی لیکن وہ اپنی سزا پوری کر چکے ہیں۔

’’ایک دفعہ قانون کے مطابق اپنی سزا پوری کی ہو تو پھر معاشرے کو انہیں دوسرا موقع دینا چاہیے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کسی کو دوسرا موقع دیتے ہیں تو پھر کھیلنے کا بھرپور موقع دیں اور اگر ان کی کارکردگی معیار کے مطابق ہے تو انہیں پاکستان ٹیم میں بھی جگہ ملنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

جیفری بائیکاٹ نے کہا کہ کسی کو بھی محمد عامر کے خلاف کوئی رنجش نہیں رکھنی چاہیے، محمد عامر سمیت دیگر کھلاڑیوں کو صرف میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر پاکستان ٹیم میں واپس آنا چاہیے۔

محمد عامر سپاٹ فکسنگ کے جرم میں پابندی کی سزا بھگت کر کرکٹ میں واپس آئے ہیں اور بنگلہ دیش پریمئر لیگ میں چٹاگانگ ویکنگز کی جانب سے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔14 ٹیسٹ، 15 ایک روزہ اور 18 ٹیٹونٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد عامر نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ اگست 2010 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا جہاں انہیں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں ٹیم سے باہر کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :