کراچی ، تجاوزات کیخلاف بھر پور کارروائی ، بر لب سڑک اور فٹ پاتھ پر قائم ہر قسم کی تجاوزات کو ہٹادیا گیا

منگل 24 نومبر 2015 20:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 نومبر۔2015ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے جہانگیرآباد اولڈ فرنیچر مارکیٹ سے لے کر سرسید گرلز کالج تک اور چمن سینما برج سے ملت پارک تک ناظم آباد نمبر 1میں تجاوزات کے خلاف بھر پور کارروائی کرتے ہوئے سڑک کے ساتھ اور فٹ پاتھ پر قائم ہر قسم کی تجاوزات کو ہٹادیا، تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان کی نگرانی میں منگل کے روز بھاری مشینری کی مدد سے مذکورہ علاقے میں سڑک کے دونوں جانب اور پل کے نیچے تجاوزات کیخلاف دو روزہ آپریشن کا آغاز کیا گیا جہاں تجاوزات مافیا نے عرصہ دراز سے غیر قانونی طور پر سڑک اور نالے کے اوپر دکانیں بنا رکھی تھیں اور پرانے فرنیچر اور دیگر اشیاء کی فروخت جاری تھی جس کی وجہ سے نہ صرف سڑک پر ٹریفک جام رہتا تھا بلکہ علاقے کے لوگوں کا وہاں سے گزرنا تک مشکل بن گیا تھا تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران جہانگیر آباد سے سرسید کالج تک بڑی تعداد میں ٹھیلے، پتھارے، پرانا فرنیچر، گیس سیلینڈر اور آہنی جالیاں ضبط کرکے کے ایم سی اسٹور میں جمع کرادی گئیں جبکہ تجاوزات قائم کرنے والوں کو تنبیہ کردی گئی کہ وہ آئندہ یہاں تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر انہیں فوری ہٹادیا جائے گا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر انسداد تجاوزات معین غوری اور پولیس کی نفری بھی اس موقع پر موجود تھی، واضح رہے کہ گنجان آباد اور کاروباری علاقے میں عرصے دراز سے قائم تجاوزات پیدل چلنے والوں کے لئے مشکلات پیدا کررہی تھیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ رہا تھا اس آپریشن کے آغاز کے بعد لوگوں کو علاقے میں آمدورفت میں خاصی سہولت میسر آئی ہے اس آپریشن میں بھاری مشینری سمیت اینٹی انکروچمنٹ کے عملے اور افسران نے حصہ لیا اور مختلف سڑکوں اور فٹ پاتھ پر قائم بڑی تعداد میں تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا

متعلقہ عنوان :