ہیپاٹائٹس بی وائرس کے باعث جگر کا 75فیصد کھو چکا،صرف 25فیصد پر زندہ ہوں‘ امیتابھ بچن

ایک حادثے کے بعد مجھے خون دینے والے ایک شخص کے جسم میں ہیپاٹائٹس بی وائرس موجود تھا جو میرے جسم میں داخل ہوگیا

منگل 24 نومبر 2015 20:36

ہیپاٹائٹس بی وائرس کے باعث جگر کا 75فیصد کھو چکا،صرف 25فیصد پر زندہ ہوں‘ ..

ممبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء )بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن نے چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ مہلک مرض ہیپاٹائٹس بی وائرس کے باعث اپنے جگر کا 75فیصد کھو چکے ہیں اور صرف 25فیصد پر زندہ ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہیپاٹائٹس کے حوالے سے ایک مہم کی افتتاحی تقریب کے دوران امیتابھ بچن نے بتایا کہ انہیں یہ بیماری اتفاقیہ طور پر لگی۔

1982ء میں ہونے والے حادثے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امیتابھ نے بتایا کہ فلم’’قلی‘‘کی شوٹنگ کے دوران ان کا ایکسیڈنٹ ہوا اور ان کے جسم میں 200 ڈونرزسے لی گئی 60 خون کی بوتلیں لگائی گئیں۔بگ بی نے بتایا، مجھے خون دینے والے ایک شخص کے جسم میں ہیپاٹائٹس بی وائرس موجود تھا جو میرے جسم میں داخل ہوگیا،2000 ء تک سب کچھ ٹھیک رہا اور حادثے کے تقریباً 18 سال بعد ایک معمول کے میڈیکل چیک اپ کے دوران مجھے بتایا گیا کہ میرے جگر کا 75 فیصد متاثر ہوچکا ہے اور صرف 25 فیصد ہی کام کررہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایک بری خبر ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ آپ اپنے جگر کے صرف 12 فیصد کیساتھ بھی زندہ رہ سکتے ہیں لیکن کوئی بھی اس اسٹیج تک نہیں جانا چاہتا۔اس موقع پر امیتابھ نے ہندوستان میں ڈاکٹروں اور طبی سہولیات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بیرون ملک جانے کی استعداد رکھنے کے باوجود انہوں نے اپنے ملک کے ڈاکٹروں اور طبی ماہرین پر ہی بھروسہ کیا۔