نوازلیگ پورے پنجاب میں نتائج تبدیل کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے،بلاول بھٹو زرداری

پیپلزپارٹی ملک کے عام ،ننگے پاؤں چلنے والے لوگوں کے حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے ،وابستگی ہمیشہ قائم و جاری رہیگی، چیئرمین پیپلزپارٹی

منگل 24 نومبر 2015 20:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں حکمراں جماعت نواز لیگ اپناحکومتی اثررسوخ استعال کرکے دوبارہ گنتی کے بہانے نتائج تبدیل کر رہی ہے اور بلدیاتی انتخابات میں اپنا حکومتی اثر ڈال رہی ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار منگل کو بلاول ہاؤس میں پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو سے ملاقات کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیامینٹرینز کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھیں، پیپلزپاٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب میں پہلے اور دوسرے مراحل میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے متعلق بریفنگ دی اور شکایت کی کہ نوازلیگ پورے پنجاب میں خاص طور پر منڈی بہاوالدین میں نتائج تبدیل کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے، منظور وٹو نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جنوری 2016دوسرے ہفتے میں امیر بیگم ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ 50 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب میں مہمان خاص کے طور پر شرکت کی دعوت دی جس پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انہیں یقین دلایا کہ وہ اس تقریب میں شرکت کریں گے، بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد وہ پنجاب کا دورہ کریں گے اور پارٹی کارکنان سے ملاقاتیں کرکے پارٹی کو مزید مضبوط اور منظم کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ نئے ولولے، قوت اور طاقت سے آئندہ ہونے والے عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز پنجاب سے کروں گا،پیپلزپارٹی اس ملک کے عام اور ننگے پاؤں چلنے والے لوگوں کے حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے اور یہ وابستگی ہمیشہ قائم و جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :