پاکستان، چین کے درمیان ڈیوس کپ گروپ ون کا انعقاد پاکستان میں ہی کرانے کیلئے سفارتی کوششیں تیز

بدھ 25 نومبر 2015 14:51

پاکستان، چین کے درمیان ڈیوس کپ گروپ ون کا انعقاد پاکستان میں ہی کرانے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 نومبر۔2015ء) وفاقی حکومت نے پاکستان اور چین کے درمیان آئندہ سال مارچ میں کھیلے جانیوالے ڈیوس کپ گروپ ون کا انعقاد پاکستان میں ہی کرانے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کر تے ہوئے میگا ایونٹ لاہور یا اسلام آباد میں کرانے کی درخواست کر دی جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے چینی سفارتخانہ کو یقین دھانی کرائی ہے کہ انٹرنیشنل ایونٹ کیلئے وینیو سمیت چینی کھلاڑیوں اور آفیشلز کی فول پروف سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہیں درخواست کی گئی ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہو چکی ہے اور پاکستان کئی انٹرنیشنل مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈیوس کپ گروپ ون میں پاکستان اور چین کی ٹینس ٹیمیں آئندہ سال 4سے 6مارچ تک مد مقابل ہونگی جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ یہ مقابلے پاکستان میں ہی ہوں جس کیلئے لاہور اور اسلام آباد دو موزوں ترین شہر ہیں جہاں کھلاڑیوں اور آفیشلز کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا جائیگا ۔

ذرائع نے بتایا کہ خط میں ڈی جی پی ایس بی نے معاملے پر چینی سفیر یا کلچرل قونصلر سے بھی ملاقات کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ ڈیوس کپ کے معاملے پر چینی حکام کو قائل کیا جا سکے ۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ایشین ٹینس فیڈریشن کے صدر انیل کمار نے بھی لاہور اور اسلام آباد کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان آئندہ سال ہونیوالے ڈیوس کپ مقابلوں کی میزبانی پاکستان کو ہی دینے کا پر زور مطالبہ کیا تھا ۔ ایونٹ میں پاکستان نے چانیئز تائی پائی کو شکست دیکر ایشیا اوشیانا ڈیوس کپ گروپ ون کیلئے کوالیفائی کیا تھا ۔