خطے کی بڑی معاشی قوتوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات خوش آئند ہیں، زاہد سعید

صنعتوں کو درپیش مسائل کا حل کرکے ہی ان مواقع کا فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، صدرکورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری

بدھ 25 نومبر 2015 19:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر زاہد سعید نے کہا ہے کہ توانائی کا بحران ختم کرنے کے لیے ہونے والے معاہدات امید افزا ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ پاکستان کے تجارتی اور کاروباری تعلقات کی بحالی جب کہ چین کے ساتھ پاک چائینا کوریڈور سمیت تجارتی معاہدات سے نئی راہیں کھلیں گی۔

انھوں نے کہا کہ روس اور چین خطے کی دو بڑی معاشی قوتیں ہیں اور ان کے ساتھ دوطرفہ معاشی تعلقات پاکستانی صنعتوں، برآمد و درآمد کنندگان کے لیے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ زاہد سعید کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ روس کے ساتھ گیس پائپ لائن کے معاہدے کی تکمیل سے ملک میں صنعتوں کو درپیش گیس اور توانائی کے مسائل حل ہوں گے۔

(جاری ہے)

زاہد سعید کا کہنا تھا کہ افغانستان، ازبکستان، تاجکستان، یوکرائن سمیت وسطی ایشیا کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی کہ یہی ممالک حقیقی معنوں میں ہمارے ہمسائے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت علاقائی اور عالمی معیشت میں پاکستان کا کردار بڑھانے کے لیے جو کوششیں کررہی ہیں وہ قابل تعریف ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ صنعتوں کو درپیش مسائل ، ٹیکسز ، کاروباری اخراجات میں اضافہ ، انفرا اسٹرکچر اور دیگر معاملات کو ساتھ ساتھ حل کرنے کی ضرورت ہے۔ زاہد سعید نے کہا کہ معیشت کی ترقی اور برآمدات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ توانائی بحران اور بڑھتے ہوئے کاروباری اخراجات ہیں، اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔