’’شہبازشریف سیاحتی ڈبل ڈیکر بس کے پہلے مسافر‘‘

خواجہ احمد حسان سے ادھارپیسے لے کرٹکٹ خریداہے اورمجھے یہ ادھار واپس بھی کرنا ہے، شہبازشریف

بدھ 25 نومبر 2015 22:30

’’شہبازشریف سیاحتی ڈبل ڈیکر بس کے پہلے مسافر‘‘

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے پنجاب سٹیڈیم لاہور میں پاکستان کی تاریخ کی پہلی سیاحتی ڈبل ڈیکر بس سروس کے افتتاح کے بعد بس ٹرمینل کا دورہ کیا اور ٹکٹ گھر سے 200 روپے ادا کرکے ڈبل ڈیکر بس کاٹکٹ خریدااور بس کے اوپر والے حصے میں بیٹھ کر سفر کیا۔اس طرح وزیراعلیٰ شہبازشریف سیاحتی ڈبل ڈیکر بس سروس کے پہلے مسافر بنے، جنہوں نے ٹکٹ لیکر بس میں سفر کیا ۔

وزیراعلیٰ نے بس ٹرمینل پر بنائے سوونیئر سنٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں رکھے گئے سوونیئر کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈبل ڈیکر بس میں سفر کے دوران طالبات اور لوگوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔ وزیراعلیٰ سیاحتی ڈبل ڈیکر بس سروس کے افتتاح کے موقع پر انتہائی خوش دکھائی دے رہے تھے اور انہوں نے بس ٹرمینل کے ٹکٹ گھر اور سوونیئرسنٹر میں موجودعملے سے بات چیت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ قذافی سٹیڈیم کے گرد سفر کے دوران صوبائی وزیر سیاحت رانا مشہود اور خواجہ احمد حسان کے ساتھ گفتگو کرتے رہے اورسیاحتی بس سروس کے اجراء پر انہیں شاباش دی۔وزیراعلیٰ نے میڈیا کیساتھ گفتگو کے دوران بتایا کہ انہوں نے خواجہ احمد حسان سے ادھارپیسے لے کرٹکٹ خریداہے اورمجھے یہ ادھار واپس بھی کرنا ہے جس پر تمام افراد مسکرادئیے۔