وزیرداخلہ کاپاسپورٹ بنوانے کے لئے آن لائن نظام متعارف کرانے اور ایک سال میں ملک کے ہر ضلع میں پاسپورٹ دفتر کے قیام کا اعلان

جمعرات 26 نومبر 2015 13:55

وزیرداخلہ کاپاسپورٹ بنوانے کے لئے آن لائن نظام متعارف کرانے اور ایک ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے پاسپورٹ بنوانے کے لئے آن لائن نظام متعارف کرانے اور ایک سال میں ملک کے ہر ضلع میں پاسپورٹ دفتر کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت سے قبل پاسپورٹ عملہ ایوان صدراوراعلیٰ حکام کے گھرجاتاتھا تاہم اب پاسپورٹ کے حصول کے لئے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کردیاہے،گزشتہ ایک سال کے دوران ایک لاکھ شناختی کارڈ منسوخ کئے گئے۔

جمعرات کو یہاں قومی اسمبلی کے اجلاس میں نادرا کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاسپورٹ کے حصول کے لئے جلد آن لائن نظام متعارف کرایا جارہا ہے۔ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی زیرصدارت وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ کے حصول کے لئے آن لائن نظام متعارف کرایا جارہا ہے جب کہ (ن) لیگ کی حکومت سے قبل پاسپورٹ عملہ ایوان صدراوراعلیٰ حکام کے گھرجاتاتھا تاہم اب پاسپورٹ کے حصول کے لئے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرتے ہوئے کراچی، لاہور، راولپنڈی اوراسلام آباد میں پاسپورٹ کی گھر پر ترسیل کا عمل شروع کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹس کی تجدیدی مدت 5 سے بڑھا کر 10 سال کر دی گئی ہے، سندھ ،بلوچستان اورخیبرپختونخوامیں نئے پاسپورٹ آفس قائم کئے جارہے ہیں اورعملے کو اچھی کارکردگی پر ترقی دی جائے گی۔وفاقی وزیرداخلہ نے ایوان میں نادرا سے متعلق کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ نادرا میں اصلاحات کے لئے اقدامات کئے ہیں، گزشتہ ایک سال کے دوران ایک لاکھ شناختی کارڈ منسوخ کئے گئے، 12-2011 کے دوران نادرا کو 1.7 ارب خسارے کا سامنا تھا تاہم اب ملک بھر میں ارکان کی مشاورت سے نادرا کے نئے دفاتر کھولے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کا حصول ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے،وزارت سنبھالی تو5 لاکھ پاسپورٹس کی تیاری زیرالتوا تھی لیکن انتھک کوششوں کے بعد صرف دو مہینے میں زیرالتوا پاسپورٹ کی فراہمی ممکن بنائی اور پاسپورٹ دفاتر میں بد عنوان عملے کو ملازمت سے فارغ کر کے کارروائی کی، پاکستان بھر میں 95 پاسپورٹ دفاتر ہیں جن کی تعداد بڑھا کرایک سال میں ملک کے ہر ضلع میں پاسپورٹ آفس قائم کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :