پاکستانی سیکورٹی حکام نے امریکی ڈرون حملے میں خان سید سجناکی ہلاکت کی تصدیق کردی،افغان میڈیا کا دعویٰ

جمعرات 26 نومبر 2015 16:05

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء )افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے سیکورٹی حکام نے امریکی ڈرون حملے میں سینئر طالبان کمانڈر خان سید سجناکی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے ۔افغان خبررساں ادارے ”خامہ پریس “ کے مطابق پاکستانی سیکورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ سینئر طالبان کمانڈر خان سید سجنا افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا ہے ۔

حکا م نے مزید بتایا ہے کہ خان سید جو سجنا کے نام سے بھی جاناجا تا ہے بدھ کو شمالی وزیرستان میں ڈیورڈ لائن کے قریب مارا گیا۔انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر سید خان سجنا کو صوبہ خوست کے علاقے دما میں ہلاک کیا گیا ہے ۔فضائی حملے میں دیگر 12 عسکریت پسند بھی مارے گئے جبکہ 20 زخمی بھی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی انٹیلی جنس کے ایک عہدایدارنے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر تصدیق کی ہے کہ سید خان سجنا اپنے 12 کے ساتھ مارا گیا ہے ۔

فضائی حملے میں تحریک طالبان پاکستان کے رہنماؤں کے اجتماع کو نشانہ بنایا گیا جواپنے درمیان اختلافات دور کرنے کیلئے مذاکرات کیلئے جمع ہوئے تھے ۔مقامی میڈیاکے مطابق سینئر فوجی حکام کا کہنا ہے کہ سجنا تحریک طالبان پاکستان کا اہم رکن تھا۔واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے ابھی تک سجنا کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے ۔