Live Updates

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سپر لیگ کرانے پر غور شروع کردیا

جمعرات 26 نومبر 2015 16:13

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سپر لیگ کرانے پر غور شروع کردیا

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 26نومبر- 2015ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نیوٹرل مقام پر پاکستان سپر لیگ کرانے پر غور شروع کردیا ہے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری شہباز احمد نے کہا کہ ملائیشیا میں جونیئر ایشیا کپ کے دوران ان کی ایشین ہاکی فیڈریشن کے صدر پرنس عبد اللہ احمد شاہ اور دیگر ملکوں کے ہاکی حکام سے بھی ملاقات ہوئی ہے جنہوں نے پاکستان میں عالمی اور ایشیائی ہاکی کو بحال کرنے کے سلسلے میں اپنی حمایت کا یقین دلایا ، ان سے پاکستان سپر لیگ ہاکی کے انعقاد کے بارے میں بات چیت ہوئی ہے جنہوں نے اس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے کھلاڑیوں کی شرکت پر اعتراض نہیں ہے تاہم پاکستان میں سکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔

پی ایچ ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان سپر ہاکی لیگ کے مسودے پر تبادلہ خیال کے بعد اس منصوبے کو منظر عام پر لایا جائے گا ، پی ایچ ایف نے اس بارے میں ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا ہے ، بعض ملکی اداروں نے بھی اس تجویز کا خیرمقدم کیا ہے ، نیوٹرل مقام میں دبئی ، قطر اور بنگلہ دیش ہماری نظر میں ہیں ، اگر کھلاڑیوں نے پاکستان میں آنے پر اعتراض کیا تو پھر ہم کسی نیوٹرل مقام پر سپر ہاکی لیگ کا انعقاد کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جونیئر ورلڈ کپ میں رسائی بہت زیادہ اہم تھی جس میں ہم کامیاب رہے ، قومی سینئر ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ اور اگلے اولمپک گیمز سے باہر ہونے کی وجہ سے قوم اور کھلاڑیوں کے علاوہ کھیل کے مداحوں میں بھی مایوسی تھی ، جونیئر کھلاڑیوں کی ورلڈکپ میں رسائی سے اس کھیل کو نئی زندگی ملی ہے ، بھارتی ٹیم زیادہ تیاری کے ساتھ آئی تھی جس کے خلاف ہمارے کھلاڑی دبائو میں آ گئے ، جونیئر ٹیم کے چیف کوچ طاہر زمان کی رپورٹ کی روشنی میں اگلے جونیئر ورلڈ کپ کے حوالے سے ان کے دئیے ہوئے پلان پر نئی حکمت عملی تشکیل دیں گے ۔

انہوں نے حکومت کی جانب سے سات کروڑ روپے کی گرانٹ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس رقم کو کھلاڑیوں کی فلاح بہبود، ٹریننگ اور مسائل کو حل کرنے پر خرچ کیا جائے گا ۔

Live پی ایس ایل 9 سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :