پاک بھارت حکومتوں نے کر کٹ بورڈزکو سیریز سری لنکا میں کھیلنے کی اجاز ت دیدی

دونوں ممالک کے مابین ٹیسٹ سیریز اگلے سال انگلینڈ میں کھیلی جائے گی

جمعرات 26 نومبر 2015 17:50

پاک بھارت حکومتوں نے کر کٹ بورڈزکو سیریز سری لنکا میں کھیلنے کی اجاز ..

اسلام آباد/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء) پاکستان اور بھارت کی حکومتوں نے پاک بھارت سیریز سری لنکا میں کھیلنے کی اجاز ت دیدی۔دونوں حکو متوں کی اجازت کے بعد 3ون دے انٹر نیشنل اور 2ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 15دسمبر سے سری لنکا میں کھیلی جائے گی جبکہ دونوں ممالک کے مابین ٹیسٹ سیریز اگلے سال انگلینڈ میں کھیلی جائے گی ۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کی جانب سے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے اجازت نامے کا خط پی سی بی کو لکھ دیا گیا ۔ خط میں سیریز کی اجازت دیتے ہوئے کہا گیا کہ سکیورٹی کو مدنظر رکھ کر تیسرے مقام پر شارٹ سیریز کھیلی جائے۔ پی سی بی کو ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میں سے کسی ایک سیریز کو منتخب کرنے کا کہا گیا اور ساتھ ہی یہ ہدایت بھی کی گئی کہ مختصر سیریز کے ساتھ سکیورٹی معاملات کو مدنظر رکھا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سینئر افسر راجیو شکلا نے کہ کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دسمبر میں مجوزہ دو طرفہ سیریز سری لنکا میں ہوگی۔ہندستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ سیریز کسی غیر جانبدار مقام پر کرانے کے لئے سری لنکا یا بنگلہ دیش میں سے کسی مقام کا انتخاب کر نا تھا۔ جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ سری لنکا میں ہی دونوں ممالک کے درمیان سیریز کرائی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 5 میچز کھیلے جائیں گے جس میں 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے ابھی باقاعدہ طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ بھارتی میڈیاکے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز اگلے برس انگلینڈ میں ہو گی اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان معاملات دبئی میں گزشتہ ہفتے طے پا گئے تھے۔

دوسری جانب پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے برس پاکستان نے جولائی میں انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے اور پاک بھارت سیریز ٹیسٹ سیریز کے لئے اسی دوران کوئی وقت طے کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام چاہتے تھے کہ یہ پیسوں کا معاملہ ہے اس لئے بے شک بھارت میں ہی سیریز ہو ہمیں جانا چاہیئے تاہم وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے فنڈز کا رونا دھونا اپنی جگہ لیکن کسی ایسی جگہ پر نہیں جانا چاہیئے جہاں عزت نہ ہو، کھیل کے ساتھ پاکستان کا وقار مقدم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ سیریز کے لئے سری لنکا ایک موزوں مقام ہے اور اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔واضح رہے کہ پی سی بی نے ٹیسٹ میچز‘ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کی اجازت مانگی تھی۔ بھارت کے ساتھ مختصر سیریز دسمبر میں کھیلی جائے گی۔اس سے قبل بھارت نے سکیورٹی خدشات کو بہانہ بنا کر دسمبر میں طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا اور اس کے جواب میں مختلف حلقوں کی جانب سے ردعمل کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کو بھارت کے ساتھ سیریز نہیں کھیلنی چاہیئے۔پاکستان نے بھی اس کے جواب میں سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اب وزیر اعظم آفس سے اجازت ملنے کے بعد دونوں ملک اپنی سیریز سری لنکا میں کھیلیں گے۔

متعلقہ عنوان :